افتخار عارف ایک ایساں درخشاں ستارہ ہیں جو ملک میں علم و ادب کے حوالے سے اپنا مقام رکھتے ہیں، نگران وزیر اطلاعات

0
273

اسلام آباد (این این آئی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے معروف شاعر، ادیب اوردانشور افتخار عارف کی علمی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افتخار عارف ایک ایسا درخشاں ستارہ ہیں جو ملک میں علم و ادب کے حوالے سے اپنا مقام رکھتے ہیں، افتخار عارف ادب میں شجر سایہ دار کی مانند ہیں، پی ٹی وی کے شہرہ آفاق پروگراموں میں انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں انفارمیشن سروس اکیڈمی میں معروف شاعر افتخار عارف کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلم ”بارہواں کھلاڑی” کی تقریب اجراء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کے ذرائع ابلاغ اور علم و ادب کے رکھوالوں کا نام لیا جائے تو افتخار عارف صاحب کا نام سرفہرست ہوگا۔ افتخار عارف نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کام کا آغاز کیا، پی ٹی وی کے شہرہ آفاق پروگراموں میں بھی انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افتخار عارف ادب میں شجر سایہ دار کی مانند ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات ظہور احمد نے کہا کہ افتخار عارف کی ادب کے شعبہ میں بے پناہ خدمات ہیں۔ آج کی تقریب پاکستان کے ادب اور شاعری کے لئے حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویڑن کی ابتداء سے لے کر اب تک مختلف پروگراموں میں شعراء اور ادیبوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ افتخار عارف کا ادب کے شعبے میں بہت بڑا مقام ہے، وہ اپنے شعبے کے لیڈر ہیں۔ افتخار عارف نے شاعری کے علاوہ بھی ادبی خدمات انجام دیں، ان کی علمی و ادبی خدمات لائق تحسین ہیں۔ تقریب کے شرکاء کو افتخار عارف کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلم ”بارہواں کھلاڑی” بھی دکھائی گئی۔ واضح رہے کہ ”بارہواں کھلاڑی” دستاویزی فلم ممتاز شارٹ فلم میکر عائشہ اکرم نے تیار کی جس میں افتخار عارف کی زندگی کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا گیا جبکہ ملک کی ممتاز علمی و ادبی شخصیات کے تاثرات بھی اس فلم میں شامل ہیں۔ یہ فلم وزارت اطلاعات و نشریات، انفارمیشن سروس اکیڈمی اور پی ٹی وی فلمز کے اشتراک سے جاری کی گئی۔