پاک چین تعاون سے پاکستان کی پوری آبادی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے،چینی نائب وزیر خارجہ

0
337

اسلام آباد (این این آئی) چین کے نائب وزیر خارجہ نونگ رونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو فروغ دے رہے ہیں ، اس سے صوبہ بلوچستان میں رہنے والے افراد سمیت پاکستان کی پوری آبادی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔گوادر پرو کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران وزیر نونگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار دوستی مشکل وقت میں غیر متزلزل حمایت پر منحصر ہے۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو آگے بڑھانے، اعلی معیار کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے اور پاکستان کے ساتھ صنعتی تعاون کو گہرا کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے مقصد سے منصوبوں میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔ نونگ رونگ نے حالیہ برسوں میں گوادر بندرگاہ کی تیز رفتار ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کی کامیابی کو مقامی آبادی کو حاصل ہونے والے فوائد سے منسوب کیا۔ یہاں باضابطہ طور پر جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نونگ رونگ نے میڈیا کو پرجوش دعوت دیتے ہوئے ان قابل ذکر واقعات پر تفصیلی رپورٹنگ کرنے کی ترغیب دی۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے ترقی اور سلامتی کے مثبت چکر کو آسان بنانے کے لئے دونوں ممالک کو مشترکہ طور پر ایک محفوظ اور متوقع کاروباری ماحول قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ گوادر پرو کے مطابق دورے پر آئے ہوئے پریس کور نے اس بات پر اتفاق کیا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کے مختلف شعبوں میں مشترکہ اتفاق رائے ہے۔ انہوں نے گوادر پورٹ، سڑکوں، ہسپتالوں، اسکولوں اور دیگر منصوبوں کے علاقائی رابطوں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر نمایاں اثرات کو تسلیم کیا۔ صحافیوں کو صوبہ بلوچستان کی ترقی کے لئے چین کی مسلسل حمایت کا بے چینی سے انتظار تھا اور اسے مقامی آبادی کے لئے زیادہ خوشحالی کا ذریعہ قرار دیا گیا تھا۔ گوادر پرو کے مطابق پریس کور نے صوبہ بلوچستان کے رہائشیوں اور چینی عوام کے درمیان معلومات کے فرق کو ختم کرنے کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا اور اپنی رپورٹنگ کے ذریعے چین اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر زور دیا۔