اسلام آباد(این این آئی) وزیر توانائی عمر ایوب نے چینی سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے اور سی پیک کے تحت پاور پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پیر کو ملاقات میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ اور معاون خصوصی برائے پاور تابش گوہر نے بھی شرکت کی ۔ ملاقات میں توانائی کے شعبے اور سی پیک کے تحت پاور پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ عمر ایوب نے کہاکہ سی پیک، پاک چین دوستی اور باہمی معاشی ترقی میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے، معاشی ترقی کیلئے توانائی سیکٹر اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وزیر توانائی عمر ایوب نے کہاکہ ہماری حکومت مستحکم اور سستی بجلی کے نرخوں پر کام کر رہی ہے، صنعتی شعبے کو سستی بجلی کی فراہمی سے یہ شعبہ ترقی کریگا۔ وزیر توانائی نے کہاکہ پاور سیکٹر میں ڈسٹریبیوشن اور ٹرانسمیشن کا نظام بہتر بنایا جا رہا ہے، بجلی کی قیمتِ پیداوار میں کمی لانا اولین ترجیح ہے۔ سفیر نور رونگ نے کہاکہ چینی توانائی کمپنیاں پاکستان کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں، چین کا پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رہے گا۔