اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ زراعت، کان کنی کے شعبوں میں چین کے تجربات سے استعفادہ کریں گے،پاک ـچین اقتصادی راہداری منصوبے کی بدولت مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے،پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہ منگل کو یہاں چین کے سفیر جیانگ زائیڈانگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، رابطہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پرچیئرمین سینیٹ نے جیانگ زائیڈانگ کو بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ امید ہے وہ اپنی بھرپور صلاحیتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان اور چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔چیئرمین سینیٹ نے خطے میں امن کے قیام کیلئے چین کی کاوشوں کو سراہا۔ملاقات میں کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں زراعت، کان کنی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ زراعت، کان کنی کے شعبوں میں چین کے تجربات سے استعفادہ کریں گے،اسٹریٹجک تعاون شراکت داری پاک ـ چین تعلقات کو مزید مضبوط کریگی،دونوں ممالک ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،ہر پلیٹ فارم پر چین اور پاکستان نے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا ہے۔ انہوں نے چین کی این پی سی کے سربراہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے،چین کے سرمایہ آگے بڑھیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول ساز گار ہے، مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا،سرمایہ کاری کے لئے نئی راہیں ہموار ہونے میں مدد ملے گی،چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم کئے ہیں،پاکستان اور چین کے عوام کے دل آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔محمد صادق سنجرانی نے چین کے نجی شعبے کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کی مختلف کمپنیز پاکستان کے دور دراز علاقوں میں کام کررہی ہیں،چین کے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے،صدر شی جن پنگ کی کتاب کا مطالعہ کیا بہت متاثر ہوا۔چیئرمین سینیٹ نے تجویز دی کہ آپ کی کتاب کا اردو میں بھی ترجمہ ہونا چاہیے۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی دوست ہے، چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے،چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان آ کر خوشی محسوس ہوئی، سفارتی، سماجی، اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں کردار ادا کرونگا۔جیانگ زائیڈانگ نے کہا کہ چین نے حال ہی میں ایک وائٹ پیپر شائع کیا جس کا عنوان بنی نوع انسان کا مشترکہ مستقبل ہے،وائٹ پیپر کا مقصد دنیا کو امن، ترقی کا گہوارہ بنانا ہے۔ملاقات میں چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو چین کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پرسیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان اور ایڈیشنل سیکرٹری عاصم خان گورایا بھی موجود تھے۔