نانجنگ(این این آئی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی سے منگل کو یہاں روس کی نائب وزیر اطلاعات بیلا چریکسووا نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور روس کے ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے روس کیساتھ مشترکہ پروڈکشن اور تربیتی پروگرامز کے آغاز پر زور دیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے روسی نائب وزیر اطلاعات کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ اس موقع پر روسی نائب وزیر اطلاعات نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ میڈیا کے علاوہ بھی دیگر شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس میں پاکستانی ڈراموں کو خاص مقبولیت حاصل ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین ڈراموں اور دیگر پروڈکشن کے تبادلہ پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر مرتضی سولنگی نے خطے کے امن کے لئے روس کی خدمات کو سراہا۔