اداکار بدر منیر کی 15 ویں برسی 11اکتوبر کو منائی جائیگی

0
116

مکوآنہ (این این آئی)ماضی کے معروف اداکار بدر منیر کی 15 ویں برسی 11اکتوبر کو منائی جائے گی۔ بدر منیر کو پاکستانی پشتو فلموں کا دلیپ کمار کہا جاتا تھا۔انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران 650کے قریب پشتو، پنجابی اور اردو فلموں میں کام کیا جن میں 150 اردو اور پنجابی فلمیں ہیں۔ بدر منیر کی پہلی پشتو فلم یوسف خان،شیر بانو کراچی میں بنی اور ریلیز ہوئی۔لوک پشتو داستان پر مبنی یہ فلم بھر پور کامیاب رہی، فلم کے ہدایتکار عزیز تبسم اور ہیروئن یاسمین خان تھی۔بدر منیر کی پہلی اردو فلم جانور تھی ان کی ہیروئنوں میں یاسمین خان شہناز، ثریا خان، نجمہ، مسرت شاہین، دردانہ رحمان اور دیگر بہت سی شامل تھیں،بدر منیر کی مشہور پشتو فلموں میںدہقان،باز اور شہباز بدعملہ،یو بے تاج بادشاہ،الزام،داحق آواز،اودم آسمان، اوربل، دبدن،خانہ بدوش، داپختون تورہ، ٹوپک، زمان قانون اور آدم خان درخانئی شامل ہیں۔بدر منیر نے اپنے اداکاری کے شوق کو اپنانے کیلئے کراچی کے ایسٹرن فلم اسٹوڈیو میں ایک عرصہ مزدور کے طور کام کیا جبکہ اداکار وحید مراد کے دفتر میں بطور ڈرائیور اور دیگر کاموں کیلئے نوکری بھی کی۔بدر منیرکے والدبدین گائوں کی ایک مسجد میں پیش امام تھے۔بدر منیر 11 اکتوبر2008 کودل کا دورہ پڑ نے سے لاہور میں انتقال کر گئے تھے