اسلام آباد (این این آئی)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گلگت بلتستان کے غیور اور محبِ وطن باسیوں کو جنگِ آزادی گلگت بلتستان کے 76سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت پاکستان گلگت بلتستان میں ترقی،امن، خوشحالی اور نوجوان نسل کی ترقی کے لئے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کر تی رہے گی،گلگت بلتستان کے لوگ خوش قسمت ہیں کہ آپ کی بے مثال قربانیوں سے آزادی کی نعمت ملی،کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی واضح قراردادیں موجود ہیں ،بھارت کی ہٹ دھرمی اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر ابھی تک حل نہیں ہوسکا۔بدھ کو جنگ ِآزادی گلگت بلتستان کے 76 سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ میں گلگت بلتستان کے غیور اور محبِ وطن باسیوں کو جنگِ آزادی گلگت بلتستان کے 76سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ آج کا دِن گلگت بلتستان اور پورے پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور ہماری تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوںنے کہاکہ آج سے 76 سال پہلے گلگت بلتستان کے غیور عوام نے قیامِ پاکستان کے بعد ڈوگرا راج کے خلاف کیپٹن مرزا حسن خان اور صوبیدار میجر بابر جیسے بہادر اور جری رہنماں کی زیرِ قیادت بے سرو سامانی کے باوجود نہایت بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کیا اور ہندو سامراج کے کٹھ پتلی گورنر گھنسارا سنگھ کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا اور گلگت بلتستان کے بہادر لوگوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کو ترجیح دی۔ انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کی آزادی ہمارا اثاثہ اور سرمایہ افتخار ہے اور اپنی نوعیت کا منفرد کارنامہ ہے جس کا تاج گلگت بلتستان کے باشندوں نے یکم نومبر 1947 کو خود پاکستان کے سر پر سجایا اور اپنی غیر مشروط،بے مثل اور والہانہ محبت سے ثابت کر دیا کہ ہم پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ پورا ملک اس علاقہ کے جذبہ حب الوطنی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،ان جری لوگوں نے ہمیشہ کیلئے دشمن کو یہ بھی باور کروا دیا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ تھا،ہے اور انشا اللہ ہمیشہ رہیگا۔ انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کے لوگ خوش قسمت ہیں کہ آپ کی بے مثال قربانیوں سے آزادی کی نعمت ملی لیکن افسوس کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان آج تک ہندوستان کے غاصبانہ پنجے میں جکڑے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگرچہ کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی واضح قراردادیں موجود ہیں تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر ابھی تک حل نہیں ہوسکا۔انہوںنے کہاکہ میں ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد تب تک جاری رکھے گا جب تک کہ ان کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خود ارادیت نہیں مل جاتا۔ نگران وزیر اعظم نے کہاکہ آج میں اقوام ِ عالم کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتے ہیں اور قِبلہ اول کی زمین پر اسرائیل کی جارحیت کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ساری دنیا اس حقیقت سے بخوبی روشناس ہے کہ گلگت بلتستان بہترین مواقع اور امکانات کی سرزمین ہے۔ قدرتی و معدنی وسائل اور عوام کی بیش بہا صلاحیتوں سے گلگت بلتستان خطے کا اقتصادی اور سیاحتی مرکز بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ہم سب کواتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگااورقومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی کے ذریعے دشمن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان گلگت بلتستان میں ترقی،امن، خوشحالی اور نوجوان نسل کی ترقی کے لئے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کر تی رہے گی۔
مقبول خبریں
26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے،اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے۔صوابی میں کارکنوں سے...
بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمے درج کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق...
24نومبر کا احتجاج رکوانے کیلئے محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے...
ٹرمپ کا 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کیلیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے...
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کے لیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا...
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے میں بلند ترین سطح 99 ہزار 623 رہی
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے اختتام پر اپ ڈیٹس سامنے آ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں مثبت...