غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ شہید،31 صحافی بھی جاں بحق

0
298

جنیوا(این این آئی) اقوامِ متحدہ کے بچوں کے بہبود کے ادارے یونیسیف نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ غزہ میں ہلاک یا زخمی ہونے والے بچوں کی یومیہ اوسط تعداد 420 ہوگئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 400 سے تجاوز کرگئی جن میں نصف کے قریب بچے بھی شامل ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے اس حوالے سے جاری اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں ہر 10 منٹ میں 1 بچہ شہید ہو رہا ہے۔ یومیہ ہلاک یا زخمی ہونے والوں بچوں کی تعداد 400 سے زیادہ ہے۔قبل ازیں سیو دی چلڈرن نامی بچوں کی بہبود کی این جی او نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ غزہ میں ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 2019 کے بعد سے جنگ کا شکار ہونے والے 20 ممالک میں ہونے والی بچوں کی سالانہ ہلاکتوں سے بڑھ گئی۔سیو دی چلڈرن نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا تھا کہ غزہ میں 3 ہزار 195 بچے اور مغربی کنارے میں 33 شہید جب کہ اسرائیل میں بھی 29 بچے مارے گئے اس طرح مجموعی تعداد 3257 ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق غزہ میں کم از کم 6 ہزار 360، مغربی کنارے میں 180 اور اسرائیل میں کم از کم 74 بچے زخمی ہوئے جب کہ حماس کے قبضے میں 200 اسرائیلوں یرغمالیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔دوسری جانب کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کے مطابق حماس اسرائیل میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے کے دوران 31 صحافی بھی لقمہ اجل بن گئے جب کہ الجزیرہ کے ایک صحافی کے اہل خانہ اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے۔صحافیوں کے تحفظ اور حقوق کی عالمی تنظیم سی پی جے نے مزید بتایا کہ جنگ زدہ علاقوں سے اب تک 9 صحافی لاپتا ہوچکے ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ یا تو انھیں اسرائیل نے گرفتار کرلیا یا حماس کے ہاتھوں یرغمال بنالیے گئے۔