او آئی سی اور سعودی عرب کے زیر اہتمام اسلام میں خواتین،حیثیت اور بااختیاربنانے کے موضوع پر شروع

0
106

جدہ (این این آئی)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )اور سعودی عرب کے زیر اہتمام اسلام میں خواتین: حیثیت اور انہیں بااختیاربنانے کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس جدہ میں شروع ہوگئی۔ کانفرنس میں انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے بارے وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک پاکستانی وفد کی قیادت کررہی ہیں، کانفرنس میں ان کے ہمراہ چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار اور او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندہ فواد شیر بھی شریک ہیں۔ کانفرنس میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر بھی بطور کانفرنس پینلسٹ حصہ لے رہی ہیں۔کانفرنس 8 نومبر تک جاری رہے گی جس کا مقصد اسلامی معاشرے میں خواتین کے کردار پر وسیع البنیاد بحث کرنا ہے۔ کانفرنس میں اسلام میں خواتین کے حقوق اور ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کانفرنس میں اسلامی سکالرز اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سرکاری وفود کے علاوہ خواتین سربراہان مملکت، وزرر اور مختلف بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کے نمائندوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے، دنیا بھر سے محققین، تھنک ٹینکس اور تحقیقی مراکز کے نمائندے بھی کانفرنس میں شریک ہیں۔کانفرنس میں 5 موضوعات پر غور کیا جائے گا جن میں اسلام میں خواتین کی حیثیت اور ان کے حقوق، مسلم خواتین اور اسلامی تعلیمات اور سماجی روایات، خلیجی، عربی اور اسلامی تناظر میں مسلم خواتین، عصری معاشروں میں مسلم خواتین اور تعلیم اور کام میں مسلم خواتین کے بااختیار ہونے کے امکانات شامل ہیں۔ او آئی سی کے رکن ممالک کے سرکاری وفود کے بیانات کے علاوہ کانفرنس میں ہر موضوع شعبہ پر ایک خصوصی ورکنگ سیشن منعقد ہوگا۔