امریکہ میں پاکستانی طلباء کی تعداد میں 16فیصد اضافہ کردیاگیا

0
206

واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ اور انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی جانب سے امریکہ میں زیر تعلیم بین الاقوامی طلباء کے اعداد و شمار کے حوالے سے سالانہ اوپن ڈورز رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں پاکستانی طلبا کی تعداد میں اس سال سولہ (16) فیصد کا خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ تعداد دس ہزاد سے تجاوز کر گئی۔ گذشتہ سال یہ تعداد 8772 تھی جو کہ بڑھ کر 10164 تک پہنچ گئی۔مجموعی طور پر گذشتہ دو سالوں میں پاکستانی طلباء کی تعداد میں تینتیس (33) فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رواں سال سولہ فیصد اضافے کے ساتھ پاکستان بین الاقوامی سطح پر دنیا کے ان آٹھ ملکوں کی فہرست میں شامل جہاں بین الاقوامی طلبائ کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان کا امریکی جامعات میں پاکستانی طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کا خیر مقدم کیا ہے۔ اپنے بیان میں سفیر پاکستان نے کہا کہ رواں سال سولہ فیصد اور گذشتہ دو سالوں میں تینتیس فیصد کا اضافہ انتہائی حوصلہ افزاء ہے۔ آئندہ تین سالوں میں اس تعداد کو دوگنا کریں گے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی طلباء کی تعداد میں خاطر خواہ اضافے پر امریکی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے سے طلباء اور طالبات کی امریکی جامعات میں موجود گی نہ صرف تعلیمی میدان میں قریبی دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے بلکہ یہ رجحان مستقبل میں پاک امریکہ تعلقات میں مزید مضبوطی کا ضامن ہے۔مسعود خان نے مزید کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ سٹیم مضامین جن میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجنیئرنگ اور ریاضی شامل ہیں کے شعبہ جات میں پاکستانی طلباء کو زیادہ مواقع میسر آئیں تاکہ وہ ان اہم شعبوں میں امریکی مہارت اور قابلیت سے استفادہ کر سکیں۔ رپورٹ کے مطابق سال 2022ـ23 میں اعلیٰ تعلیم کے زمرے میں امریکہ بدستور بین الاقوامی طلبائ کا سب سے زیادہ پسندیدہ ملک ہے۔ سال 2022ـ23 میں امریکی جامعات اور تعلیمی اداروں میں بین الاقوامی طلبا کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر تے ہوئے 1057188 تک پہنچ گئی ہے اور اس میں گذشتہ سال کے مقابلے میں بارہ (12) فیصد کا اضافہ سامنے آیا ہے۔