سرینگر(این این آئی)پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے نریندر مودی کے دور حکومت میں بھارت میں بڑھتے ہوئے ہندوتوا پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کو کھیل کے جذبے کے ساتھ کھیلا جانا چاہیے اور اسے جنگ نہیں سمجھاجاناچاہیے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اتوار کو احمد آباد میں کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کی شکست پر ان کے خیالات کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کے بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی اور پاکستان کے صدر پرویز مشرف نے ایک دوسرے کے ساتھ پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھے۔ انہوں نے کہاکہ جب ایک بھارتی کھلاڑی اچھا کھیلتا تھا تو پاکستانی شائقین اس کی تعریف کرتے تھے اور بھارتی شائقین بھی پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے ایسا ہی کرتے تھے اورکھیل کو اسی طرح دیکھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ ایک کھیل ہے اور اسے اسی طرح کھیلنا چاہیے،یہ جنگ نہیں ہے۔محبوبہ مفتی نے مقبوضہ علاقے میں بجلی کے بحران پر قابض حکومت کو بھی تنقید نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ سرکاری تقریبات اور تشہیر پر بھاری رقوم خرچ کر رہی ہے اورعوام کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی فیس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ہر سال بجلی کے نئے میٹر لگائے جا رہے ہیں جو سب سے بڑا سکینڈل ہے۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی صورتحال اتنی خراب ہے کہ بجلی منٹوں کے لیے آتی ہے اور گھنٹوں بند رہتی ہے، یہی حال ہمارے شہر سرینگر کا ہے۔گائوں اور قصبوں میں صورتحال اس سے بھی بدتر ہے جہاں بجلی کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔