ہاکی فیڈریشن کے نئے انتخابات کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے،مرتضیٰ سولنگی کا سینٹ میں جواب

0
98

اسلام آباد(این این آئی)نگران وفاقی وزیر پارلیمانی امور و اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر کا معاملہ عدالت نے نمٹا دیا ہے، پی ایچ ایف کے نئے انتخابات کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، توقع ہے جلد انتخابات کرائے جائیں گے۔ منگل کو وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد کے سوال کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کا صدر چار سال کے لئے تعینات کیا جاتا ہے، بریگیڈیئر (ر) خالد کھوکھر قانون کے مطابق دو مرتبہ ہی صدر بن سکتے تھے، ان کے یہ دونوں ادوار مکمل ہو چکے ہیں، اس لئے حکومت نے انہیں عہدہ سے ہٹایا تو انہوں نے عدالت سے رجوع کیا تو عدالت نے بھی ان کی درخواست مسترد کر دی ہے، حکومت نے ہاکی فیڈریشن کے دوبارہ انتخابات کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔