اسلام آباد (این این آئی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے فلسطین میں امدادی سرگرمیوں میں اردن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں امن پوری دنیا کی ذمہ داری ہے، عالمی برادری فلسطین میں فوری جنگ بندی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اردن کے سفیر ڈاکٹر معن خریسات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک میں آئندہ عام انتخابات، فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی، علاقائی سلامتی کی صورتحال، میڈیا کے شعبوں میں تعاون سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مذہب، اقدار اور ثقافت پر مبنی گہرے تعلقات ہیں۔ ملاقات میں فلسطین اور اسرائیل کے مابین کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال نہ صرف مسلم امہ بلکہ دنیا بھر کی مہذب اقوام کیلئے باعث تشویش ہے، فلسطین میں امن پوری دنیا کی ذمہ داری ہے، عالمی برادری فلسطین میں فوری جنگ بندی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، فلسطین میں امدادی سرگرمیوں میں اردن کا کردار لائق تحسین ہے۔ اس موقع پر اردن کے سفیر نے کہا کہ غزہ میں خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور اردن میں آئندہ سال ہونے والے انتخابات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اردن کے سفیر کو پاکستان میں انتخابات کی جانب ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال 8 فروری کو ملک بھر میں انتخابات منعقد ہوں گے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے، تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لئے 54 دن فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اردن میں آئندہ برس ہونے والے انتخابی عمل کی کامیاب تکمیل کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اردن اور پاکستان میں انتخابی عمل کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومتوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ملاقات میں پاکستان اور اردن کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔ اردن کے سفیر نے کہا کہ 10 ویں مشترکہ وزارتی کمیشن کا اہم اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اردن کے درمیان تعلقات کو معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے فروغ دینا چاہئے۔ ملاقات میں پاکستان اور اردن کے درمیان میڈیا اور اطلاعات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا جبکہ پی ٹی وی، اے پی پی، ریڈیو پاکستان اور اردن کے ریڈیو، ٹیلی ویڑن اور اردن نیوز ایجنسی پیٹرا کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے ریاستی میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں کے عمل کو تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔
مقبول خبریں
“سانحہ سوات” انجینئر امیر مقام کی رضاکار محمد ہلال سے ملاقات ،خراج تحسین ،پھولوں...
سوات (این این آئی)وفاقی وزیر و پاکستان مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے حالیہ "سانحہ سوات" کے دوران اپنی بہادری اور انسانی...
5 جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا المناک باب ہے،فیصل کریم کنڈی
پشاور (این این آئی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 5 جولائی 1977 کے سیاہ دن کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے...
افواج پاکستان کا بھی شہید کرنل شیر خان کو خراج عقیدت
راولپنڈی (این این آئی)مسلح افواج نے کارگل جنگ کے ہیروکیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کو ان کے 26ویں یومِ شہادت پر شاندار...
کرنل شیر خان کی بہادری یاد رکھی جائے گی، وزیراعظم
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیرخان شہید نے وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور وطن کے...
صدر مملکت کا کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کو خراج عقیدت
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے...