سردارعتیق کا دورہ امریکہ کے دوران تنازعہ کشمیراور فلسطین کاز کو اجاگر کرنے پر آرمی چیف کی تعریف

0
287

مظفر آباد(این این آئی) سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر اور مسلم کانفرنس کے صدرسردار عتیق احمد خان نے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران تنازعہ کشمیر اور فلسطین کاز کو اجاگر کرنے پربری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کو سراہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سردار عتیق نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام مبارکبادی کے ایک پیغام میں کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگ پیچیدہ بین الاقوامی تاریخ کے اس نازک مرحلے پر کشمیر اور فلسطین کاز کو جرات مندانہ طریقے سے پیش کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایٹمی ملک پاکستان کے آرمی چیف کی طرف سے اس وقت تنازعہ کشمیر پر اصولی موقف پیش کرنا اور مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنا ان مسائل پر کئی سفارتی اقدامات سے زیادہ اہم ہے۔سردار عتیق نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر اور فلسطین کی جدوجہد کی اس کثیرالجہتی پروجیکشن سے کشمیریوں میں تازہ حوصلہ اور اعتماد پیدا ہوا ہے۔ یاد رہے کہ 1948سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود کشمیر اور فلسطین دونوں تنازعات کا تعلق حق خودارادیت کی بحالی سے ہے۔