راولپنڈی(این این آئی)کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا ہے کہ پاک فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کریگی،کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں، وہاں سے آزادی کیساتھ کارروائیاں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی پاکستان کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ ہیں ، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں،ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی،پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جبکہ فورم نے سمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا جامع جائزہ لیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی۔ جمعرات کو آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)کی زیر صدارت دو روزہ 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا،جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں ۔ شرکاء نے شہدائے پاکستان سمیت ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے شہداء کے ایصال و ثواب کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی۔فورم نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔فورم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی مسلسل جبر اور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔شرکاء نے بھارتی فوج کی معصوم شہریوں کے اغواء ، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی۔ شرکاء نے کہاکہ یہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں جو بہادرکشمیریوں کے جائز حق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں۔ کانفرنس کے شرکاء نے کہاکہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔کانفرنس کے شرکاء نے کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں، وہاں سے آزادی کیساتھ کارروائیوں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں،ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کے مطالبہ کے حکومتی موقف کا اعادہ کیا۔فورم نے سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے جاری کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔فورم نے سمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا۔ فورم نے اعادہ کیا کہ پاک فوج ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی۔ فورم نے کہاکہ پاک فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، ذہنی اور جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔
مقبول خبریں
26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے،اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے۔صوابی میں کارکنوں سے...
بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمے درج کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق...
24نومبر کا احتجاج رکوانے کیلئے محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے...
ٹرمپ کا 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کیلیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے...
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کے لیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا...
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے میں بلند ترین سطح 99 ہزار 623 رہی
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے اختتام پر اپ ڈیٹس سامنے آ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں مثبت...