امریکہ کی دوسری ریاست میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن کیلئے نااہل

0
223

واشنگٹن (این این اائی)امریکی ریاست مین کی اعلیٰ انتخابی عہدیدار نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی پرائمری الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ کولوراڈو کے بعد مین دوسری ریاست بن گئی ہے جس نے سابق امریکی صدر کو چھ جنوری 2021 کو کیپیٹل ہِل پر حملے میں ان کے کردار کی وجہ سے پابندی لگائی ہے۔ ریاست مین کی سیکریٹری آف سٹیٹ شینا بیلوز جو ایک ڈیموکریٹ بھی ہیں، نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو ریپبلکن کی جانب سے صدارتی امیدوار کی حیثیت سے سب سے آگے ہیں، نے اپنے حامیوں کو اس وقت بغاوت پر اکسایا جب انہوں نے 2020 کے انتخابات میں ووٹروں کی دھوکہ دہی کے بارے میں جھوٹے دعوے پھیلائے اور پھر اپنے حامیوں پر زور دیا کہ وہ کیپیٹل ہِل کی جانب مارچ کریں تاکہ قانون سازوں کو ووٹ کی تصدیق کرنے سے روکیں۔شینا بیلوز نے 34 صفحات کے فیصلے میں لکھا کہ ‘امریکی آئین ہماری حکومت کی بنیادوں پر حملے کو برداشت نہیں کرتا۔سابق امریکی صدر اس فیصلے کے خلاف ریاست کی اعلیٰ عدالت میں اپیل کر سکتے ہیں۔ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ٹیم نے کہا ہے کہ وہ اس ‘ظالمانہ’ فیصلے کے خلاف اپنا اعتراض دائر کرے گی۔بدھ کو امریکی ریاست مشی گن کی سپریم کورٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نااہل کرنے سے متعلق درخواست سننے سے انکار کرتے ہوئے ان کو پرائمری الیکشن کی اجازت دی تھی۔