مظفر آباد(این این آئی)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان حقِ خود ارادیت کے حصول تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ پیر کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نگران وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق اور سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبرسے ملاقات کی ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مسئلہ کشمیر کا حتمی و منصفانہ حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد و غیر جانبدار استصوابِ رائے کے تحت ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، نہتے و معصوم کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔ نگران وزیراعظم نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان حقِ خود ارادیت کے حصول تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر اور سپیکر نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد کے دورے کو خوش آئند قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو وزیرِ اعظم انوار الحق کی یومِ یکجہتی کشمیر کیلئے مظفر آباد آمد سے واضح پیغام پہنچ گیا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری بہن بھائیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔