الیکشن میں مقابلہ صرف دو جماعتوں کے درمیان ہے،عوام آزاد امیدوار پر ووٹ ضائع نہ کریں’ بلاول بھٹو

0
116

کراچی ( این این آئی)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ الیکشن میں مقابلہ صرف دو جماعتوں کے درمیان ہے،عوام آزاد امیدوار پر ووٹ ضائع نہ کریں،ایک شیر والی اور دوسری جماعت تیر والی ہے، ہرکسی کو سمجھاناہے آزاد امیدوار پر ووٹ ضائع نہ کریں، نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والے پر ووٹ ضائع نہ کریں۔کچھ لوگ نفرت کی سیاست کرکے حکومت میں شامل ہوتے ہیں، وہ لوگ وزارتیں لے کر کراچی کو بھول جاتے ہیں، مجھے موقع دیں میں کراچی کو مایوس نہیں کروں گا، باقی جماعتیں اپنے مقاصد کیلئے الیکشن لڑرہی ہیں، ہم ساتھ مل کرکراچی کی خدمت کریں گے۔کراچی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پرامیدہیں کہ صوبائی اوروفاقی حکومت بھی ہماری ہوگی، صوبے میں حکومت ملی توکراچی کی نمائندگی ہوگی، کراچی کی20سیٹیں مل جائیں توشہرکانقشہ بدل دوں گا، 8 فروری کو ایسے نکلیں کہ پورے کراچی میں تیروں کی بارش ہو، مسائل کا حل نکالنا ہے تو ایک بارپیپلزپارٹی کاساتھ دیں، میرے امیدوار منتخب ہوئے تو مسائل مجھ تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی تو میرا اپنا شہر ہے، شہید بینظیر بھٹو بھی کراچی میں پیداہوئی تھیں، میں کراچی کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، کراچی نے بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی پراعتماد کیا، امید ہے صوبائی اور وفاقی حکومت بھی ہماری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو تقسیم کرنے کی کسی کواجازت نہیں دیں گے، قائدعوام نے کہا تھانہ تیرانہ میرا سب کا پاکستان ہے، تیر پر مہر لگاکر تمام قوتوں کوجواب دیں یہ سب کاکراچی ہے، کوئی مذہب کی بنیاد، کوئی لسانیت کی بنیاد پر تقسیم چاہتا ہے، ہم کراچی کے مینڈیٹ کا تحفظ کریں گے،الیکشن جیت کر کراچی کا نقشہ بدل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں کراچی کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، کراچی کے چپے چپے پر کام کرنا چاہتا ہوں ،آپ مجھے ووٹ دیں گے تو وفاق میں بھی پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی، کراچی کے عوام نے پہلی بار جیالہ میئر منتخب کرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم جیتے تو پہلی بار ہوگا کہ بلدیاتی، صوبائی اور وفاقی حکومت ہماری ہاتھ میں ہوگی۔دیگر سیاسی جماعتیں اپنے مقاصد کے لیے الیکشن لڑرہی ہیں، جیسے الیکشن ہورہے ہیں وہ آپ کے سامنے ہے، ہرکوئی اپنا چورن بیچ رہا ہے۔میں کراچی کی ایسی خدمت کروں گا جیسے کوئی بیٹا اپنی ماں کی خدمت کرتا ہے۔