ایسا نظام بننا چاہیے کہ آئندہ انتقامی کارروائیاں نہ ہوں، علی امین گنڈاپور

0
206

پشاور(این این آئی)تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ایسا نظام بننا چاہیے کہ آئندہ انتقامی کارروائیاں نہ ہوں۔ایک انٹرویو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا ہے، مینڈیٹ کی چوری ملک سے غداری ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اس لیے لا رہے تھے کہ دھاندلی نہ ہو، دھاندلی سے لوگوں کو مسلط کیا جائے گا تو ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر انتقامی کارروائی کے حق میں نہیں ہوں، ایسا نظام بننا چاہیے کہ آئندہ ایسی کارروائیاں نہ ہوں۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ مختلف حلقوں میں مختلف طریقوں سے دھاندلی ہوئی ہے، ثبوث سامنے آرہے ہیں کہ کچھ آر اوز نے دھاندلی ہونے دی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ابھی امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کا مرحلہ جاری ہے، ہم نے درخواست دی کہ ہمیں مخصوص نشستیں دی جائیں۔انہوں نے کہ جیسے ہی دیگر مراحل ختم ہوں تو اسمبلی اجلاس بلا کر حلف لیں گے، امید ہے ٹریبونل اور عدالتوں سے ہمیں حق ملے گا۔خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہویت کا تقاضہ ہے عوامی حکومت بنے، کابینہ میں نئے لوگوں کو سامنے لایا جائے گا، ہمارے 50 فیصد سے زیادہ نئے چہرے اسمبلی میں آئے ہیں۔ جذبے سے عوامی مسائل کے لیے کام کریں گے۔