لاہور( این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف 220ووٹ لیکر پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان منتخب ہوگئیں، وہ ملکی تاریخ میں پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلی ہیں ، نومنتخب وزیر اعلیٰ مریم نواز کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس لاہور میں ہوئی جس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے ان سے حلف لیا ۔ پیر کے روز وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب کے لئے اسمبلی کا اجلاس آدھے گھنٹے کی تاخیر سے سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لئے دو امیدواروں مسلم لیگ (ن) کی مریم نواز شریف اور سنی اتحاد کونسل کے رانا آفتاب میں مقابلہ تھا۔ سیکرٹری اسمبلی کی جانب سے ووٹنگ کا طریقہ کار بتایا گیا اور کہا گیا کہ 5منٹ کے وقفے کے بعد اسمبلی کے دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔ووٹنگ کا طریقہ کار بتائے جانے کے کچھ دیر بعد ہی سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابہ شروع کر دیا جس پر سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ جو کچھ ہوگا آئین کے مطابق ہوگا۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شور شرابہ کے درمیان سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے رانا آفتاب کو بات کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آئوٹ کیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے اراکین کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے کا کہا۔اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ ہار جیت سیاست کا حصہ ہے واک آئوٹ نہیں کرنا چاہیے، چاہتے ہیں کہ سب ملکر چلیں، ہاریں یا جیتیں مقابلہ کریں،یہ جمہوریت کا حسن ہے،اپوزیشن کو بلوا کر بولنے کا موقع دیں۔ مریم نواز نے سپیکر سے درخواست کی کہ پہلے کوشش کی جائے کہ اپوزیشن کو لیکر آئیں، ہم چاہتے ہیں سب ملکر چلیں، ایسے واک آئوٹ کرنا مناسب نہیں۔اس موقع پر سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے خیر سگالی کا پیغام دیا جو قابل تحسین ہے، آپ کا رویہ مثبت اور جمہوری روایات کے عین مطابق ہے، آئین کا آرٹیکل 130بولنے کی اجازت نہیں دیتا کیونکہ آج کا ایجنڈا صرف قائد ایوان کا انتخاب ہے۔ سپیکر نے مریم نواز کی طرف سے سنی اتحاد کونسل کو منانے کی درخواست کو کارروائی کا حصہ بنانے سے بھی روک دیا اورمریم نواز کی درخواست پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو ایوان میں واپس لانے کے لئے کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی میں خواجہ سلمان رفیق، مجتبیٰ شجاع الرحمان، علی حیدر گیلانی، خواجہ عمران نذیر و دیگر شامل تھے۔ اس دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے بائیکاٹ ختم کر دیا۔ سپیکر کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو ایوان میں واپس لے آئی تاہم سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے دوبارہ واک آئوٹ کر دیا۔سپیکر نے کہا کہ اگر سنی اتحاد کونسل کے اراکین واپس نہیں آتے تو کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ ہم نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے جس کی مکمل پاسداری کروں گا۔ اس دوران سپیکر نے پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کروا کر الیکشن کا باقاعدہ پراسیس شروع کرایا ۔ایوان میں دونوں امیدواروں کے پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے اور وہاں پولنگ ایجنٹ بھی موجود تھے۔اراکین وہاں موجود رجسٹر پر اپنے دستخط کر کے باہر لابی میں جاتے رہے ،جب ووٹنگ مکمل ہوگئی تو اس کے بعد تمام اراکین کو باہر بھیج کر گنتی کی گئی۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے 220ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل آفتاب احمد خان کوئی ووٹ نہ لے سکے۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے مریم نواز کو مبارکباد بھی پیش کی۔ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا۔بعد ازاں نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پہلی خاتون وزیر اعلی کا حلف اٹھا لیا ۔گورنر ہائوس میں نومنتخب وزیر اعلی کی تقریب حلف برداری ہوئی،گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے مریم نواز سے حلف لیا، تقریب میں نواز شریف ، شہباز شریف ، کیپٹن (ر) صفدر ، سلمان شہباز ، جنید صفدر سمیت شریف خاندان کے دیگر افراد بھی شریک ہوئے جبکہ پارٹی کے سینئر رہنمائوں سمیت نومنتخب ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے۔حلف اٹھانے کے بعد مریم نواز نے والد نواز شریف کے ماتھے پر بوسہ بھی دیا۔
مقبول خبریں
انجینئر امیر مقام کی سعودی عرب پر الزامات کی مذمت
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے سعودی عرب پر الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ...
عبدالعلیم خان نے استحکام پاکستان پارٹی کی 31 رکنی نئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا...
اسلام آباد (این این آئی)استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے 31 رکنی نئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں...
صدر مملکت کا بنوں میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو...
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین...
اوپن یونیورسٹی سے چلنے والا بچوں کی کردار سازی کا پْر عزم کارواں پورے...
اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی...
وزیرداخلہ کا نیشنل پولیس اکیڈمی کو پی ایم اے کاکول طرز کا عالمی ادارہ...
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول...