یمن کی آئینی حکومت عبوری کونسل معاہدے کی فوجی شق پر مکمل عمل کروائیگی

0
506

صنعاء (این این آئی )یمن میں امن کے قیام اور حوثی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آئینی حکومت کے معاون عرب اتحاد نے کہا ہے کہ آئینی حکومت اور عدن کی عبوری کونسل نے معاہدہ الریاض میں شامل فوجی شق پر مکمل عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا کہ معاہدہ ریاض پر عمل درآمد کے اعلان کے بعد یمن مزید امن اور استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔معاہدے میں شامل دونوں فریقین نے اس میں موجود تمام نکات بالخصوص فوجی شق پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ترجمان نے کہا کہ ابین اور عدن میں موجود فوجیوں کو طے شدہ منصوبے اور ضابطہ کار کے مطابق ان ٹھکانوں سے دوسرے مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔ عرب اتحادی نے اعلان کیا کہ ریاض معاہدے کے فوجی اور اس کے خارجہ امور سے متعلق نکات پر اتفاق ہوگیا ہے۔ اس کے بعد دونوں فریقین اس معاہدے پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کریں گے۔انہوں نے فوجی پہلو پر عمل درآمد کرنے میں آئینی حکومت اور عبوری کونسل کے عزم اور سنجیدگی پر بھی زور دیا۔معاہدے کے تحت یمن کی آئینی حکومت کی تشکیل نو کی گئی ہے جس میں 24 وزرا شامل ہیں۔ ان میں عدن اور ابین کے بعض علاقوں میں انتظامی امور چلانے والی عبوری کونسل بھی شامل ہے۔