وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر میں بارشوں اور برف باری کے متاثرین کو 13 مارچ تک معاوضہ ادا کیا جائیگا ، شہباز شریف

0
134

مظفر آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر میں بارشوں اور برف باری کے متاثرین کو 13 مارچ تک معاوضہ ادا کر دیا جائیگا ،متاثرین کو ان کے گھروں میں آباد کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،پاکستان کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنی ذات سے بالاتر ہو کر اتحاد و یکجہتی کیساتھ آگے بڑھنا ہو گا ، وقت آگیا ہے معیشت کے حوالے سے بڑے فیصلے کئے جائیں جو اشرافیہ کے لیے بے شک کڑوے ہوں تاہم ان کا فائدہ عام آدمی کو پہنچے ۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں آزاد کشمیر میں بارشوں اور برف باری کے متاثرین سے ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے کہی۔۔ اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے شدید بارشوں اور برف باری میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کئے ۔ قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف کو حالیہ بارشوں سے آزاد کشمیر میں ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی گئی۔انہیں بتایا گیا کہ برف باری سے آزاد کشمیر میں 8 افراد جاں بحق ہوئے ،88 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 281 گھروں اور 26دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ قدرتی آفات اور بارشوں سے جانی نقصان کا ازالہ انسانی بس میں نہیں یہ سب اللہ کی رضا ہے ، ہم جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں ،میں ان کے خاندانوں کے ساتھ پوری قوم اور وفاقی حکومت کی جانب سے اظہار تعزیت اور افسوس کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان کے ساتھ مل کر متاثرین کو ان کے گھروں میں ا?باد کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ جاں بحق افراد کے لواحقین میں وفاقی حکومت کی جانب سے 20 لاکھ روپے فی کس کے امدادی چیک تقسیم کئے ہیں، اگرچہ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہے تاہم حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وفات پانے والوں کے یتیم بچوں کی کفالت کرے اور وہ متاثرین کے ساتھ کھڑی ہو اور ان کی ہر ممکن معاونت کرے۔ وزیراعظم نے کہاکہ زخمیوں کو 5 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔ مکمل تباہ حال گھروں پر وفاق کی طرف سے 7 لاکھ روپے اور جزوی نقصان پر ساڑھے تین لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے، اس کی تقسیم ایک منصفانہ نظام کے تحت ہو گی۔توقع ہے کہ حکومت آزاد کشمیر کا عملہ موقع پر جاکر جائزہ لیگا۔این ڈی ایم اے حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ ملکر یقینی بنائے گا کہ کسی مستحق کا حق نہ مارا جائے، اس کے ساتھ متاثرین کیلئے حکومت آزاد کشمیر اپنے طور پر بھی امداد کر سکتی ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ 13مارچ تک متاثرین کے لیے یہ امداد فراہم کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ا زاد کشمیر ایک پہاڑی اور دشوار گزار علاقے پر مشتمل خوبصورت علاقہ ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر نے برف باری اور بارشوں میں متاثرین کی فوری امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کا جائز مطالبہ کیا ہے، اس کیلئے این ڈی ایم اے فوری طور پر ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا۔انہوں نے این ڈی ایم اے کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ جلد یہ ہیلی کاپٹر خریدیں جو صرف ان علاقوں کے لیے مختص ہو گا۔ شہبازشریف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے یہی قائداعظم کا فرمان ہے ، کشمیر کے لوگ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے آپ کو تنہا نہیں پائیں گے ، اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ جو اعلانات کئے ہیں ان کی مقررہ تاریخ پر تکمیل ہو گی تاکہ اپنے گھروں کی تعمیر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سے ترقیاتی کاموں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس وقت ملک بھر میں 2 کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں ، ان کے لیے الگ سے انفراسٹرکچر کے لیے بہت وقت درکار ہے ، اس کے لیے متبادل انتظامات کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی مرتب کریں گے۔ ان بچوں اور بچیوں کی تعلیم کے لیے مساجد کو بھی مرکز بنایا جاسکتا ہے