اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت سی پیک کے تحت اقدامات کے بروقت نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے انتھک محنت کرے گی،پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں جانے کا خواہاں ہے جس میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے خصوصی اقتصادی زونز کو فعال کرنا شامل ہے۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کیانگ کا ان کے دوبارہ انتخاب اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کے پیغامات پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے چینی قیادت کے گرمجوشی کے جذبات کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستان اور چین کے درمیان آہنی دوستی کو مضبوط بنانے کیلئے ان کے تعاون اور عزم کو سراہا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت سی پیک کے تحت اقدامات کے بروقت نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے انتھک محنت کرے گی۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں جانے کا خواہاں ہے جس میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے خصوصی اقتصادی زونز کو فعال کرنا شامل ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ان کے گزشتہ دور حکومت میں بنائی گئی تھی تاکہ ترجیحی شعبوں بشمول زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور قابل تجدید توانائی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ چینی کمپنیاں پاکستان میں بہت سے منافع بخش مواقع تلاش کرسکتی ہیں۔
چینی سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چینی قیادت اور حکومت پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔
اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو جلد از جلد چین کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ یہ دورہ باہمی طور پر مناسب تاریخ پر کریں گے جس پر سفارتی ذرائع سے کام کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات ڈاکٹر احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ موجود تھے۔