اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور نہ ہی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے کسی دہشتگرد گروپ کو برداشت کریں گے ،صدر زر داری کا یوم پاکستان پریڈ سے خطاب

0
62

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور نہ ہی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے کسی دہشتگرد گروپ کو برداشت کریں گے ،پاکستان کی تعمیر ، ترقی اور سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، مشکلات کے باوجود پاکستان نے دفاع، صنعت ، زراعت ، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں ،ہم سب کی ذمہ داری ہے ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے اور معاشی استحکام کیلئے یکسوئی سے کام کریں، پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، اقوام متحدہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے، غزہ میں جاری تشدد اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہری تشویش ہے۔ وہ ہفتہ کو شکر پڑیاں پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی یوم پاکستان پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔ ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہشمند ہے، پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست اور امن سے محبت کرنے والا ملک ہے تاہم یہ بات واضح کرتے ہیں کہ ہم اپنے خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اپنے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کسی گروپ یا دہشتگردی کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، آج کی پریڈ ہمیں اتحاد ، یکجہتی اور وقار کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی زیر قیادت مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ مادر وطن کے قیام کیلئے کامیاب جدوجہد کی۔ انہوں نے شہدا اور غازیوں کو قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے ان کی کاوشوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے قومی اہمیت کا حامل ہے، اس دن برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا، قائد اعظم کی دوراندیش قیادت میں آزاد اور خودمختار ریاست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج آزادی کی راہ میں قربانیاں پیش کرنے والے قائدین، شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت وتحسین پیش کرتے ہیں، آج ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی تعمیر ، ترقی اور سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے۔ صدر زرداری نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان نے دفاع، صنعت ، زراعت ، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں،پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،دنیا قیام امن اور دہشتگردی کے خلاف ہماری قربانیوں کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ایک جمہوری اتحادی حکومت قائم ہو چکی ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے اور معاشی استحکام کیلئے یکسوئی سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی اتفاق رائے کے ساتھ موثر حکمت عملی ، دانشمندانہ انتظام، صوبوں اور وفاق کے مابین بہتر روابط کی اشد ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قوم مایوس نہ ہو ہم پاکستان کو معاشی لحاظ اور خود کفیل بنانے کیلئے پرعزم ہیں، معاشی مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔انسانی وسائل کی ترقی اور ہنر مندی ، زراعت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، توانائی اور گڈ گورننس پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈر وطن عزیز کی سلامتی ، استحکام، ترقی اورخوشحالی کیلئے مل کر کام کریں، موجودہ حالات تقاضا کرتے ہیں کہ تمام سیاسی قوتیں باہمی افہام وتفہیم کے ساتھ قوم کو درپیش مسائل حل کریں۔