اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ یوم پاکستان تحریک آزادی کا روشن باب ہے ، 23 مارچ 1940 کو آزاد وطن کے خواب کو عملی تعبیر دینے کی بنیاد رکھی گئی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ آج ہم آزاد ہیں لیکن یہ آزادی بہت سی قربانیوں، کاوشوں اور محنتوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم قائداعظم اور ان کی زیر قیادت قرارداد پاکستان منظور کرنیوالے مسلم لیگ کے اکابرین کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ منٹو پارک کے تاریخی جلسے میں منظور کی جانے والی قرارداد پاکستان کے قیام کی بنیاد بنی۔ 23 مارچ کا دن جذبوں کی تعمیراور خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔ حصول آزادی کا سفر کبھی آسان نہیں ہوتا،پاکستان کی منزل پانے کیلئے آگ اور خون کے دریاؤں سے گزرنا پڑا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحکی ولولہ انگیز قیادت میں بے شمار قربانیاں دے کر الگ وطن کی جدوجہد کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں بسنے والی مختلف نسلیں، مختلف قبیلے اور مختلف فرقے ایک قوم بننے کا فیصلہ نہ کرتے،تو پاکستان کا معجزہ کبھی ظہور پذیر نہ ہوپاتا۔ محسن نقوی نے کہا کہ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا سفر بتدریج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں قوم کے ہر فرد کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،بحیثیت قوم ہم نے پاکستان کے موجودہ چیلنجز کو سمجھتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 23 مارچ 1940 والے جذبے، عزم اور یکجہتی کو اپنا کر وطن عزیز کو آگے لے کر جائیں گے۔