نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے جدید رہائشی کمپلیکس کی تعمیر مکمل

0
279

گوادر(این این آئی)نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی فنشنگ کا کام تیزی سے جاری ہے،چائنہ ایئر پورٹ کنسٹرکشن کمپنی(سی اے سی سی)نے ماڈرن ریزیڈنشیل کمپلیکس کی تعمیر کامیابی سے مکمل کر لی، یہ این جی آئی اے کے میگا سول ورک کی تکمیل کی علامت ہے۔گوادر پرو کے مطابق چار رہائشی عمارتوں، ایک اسکول اور ہسپتال پر مشتمل “جدید رہائشی کمپلیکس” سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) پاکستان کے نامزد حکام استعمال کریں گے۔ گوادر پرو کے مطابق مرکزی ایئر کنڈیشننگ سسٹم کے ساتھ این جی آئی اے کے جدید رہائشی کمپلیکس کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی، سیوریج نیٹ ورک اور پینے کے پانی کی پائپ لائنوں کے ذریعے سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اور وائی فائی سسٹم بھی کام کر رہا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق اس کے علاوہ رہائشی کمپلیکس کے ارد گرد گرین ایریا بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ صحت مند اور قابل رہائش بنیادی ڈھانچے کو یقینی بنایا جا سکے اور رہائشیوں کے لئے ماحول دوست بنایا جا سکے۔ پہلے مرحلے میں کمپلیکس کے اندر اور باہر درخت لگائے جائیں گے۔ سبز ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے مقررہ حصوں پر درخت کے پودے اگائے جائیں گے۔ گوادر پرو کے مطابق حکومت نے بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں جیسے یورپی سٹیزن ایکشن سروس (ای سی اے ایس) اور ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن(ٹی ایس اے)سے این جی آئی اے کا معائنہ کروانے کا بھی منصوبہ بنایا ہے تاکہ سیکیورٹی معیارات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔