بانی پی ٹی آئی پارلیمان چھوڑ کر نہ بھاگتے تو ہماری حکومت 16ماہ قائم نہ رہتی، رانا ثنااللہ

0
162

لاہور( این این آئی) وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پارلیمان چھوڑ کر نہ بھاگتے تو ہماری حکومت سولہ ماہ قائم نہ رہتی،پارلیمانی سسٹم میں اگر مذاکرات سے انکاری ہوں تو پھر آپ سسٹم کیلئے خطرہ ہیں،بانی پی ٹی آئی کو عنقریب جیل سے باہر نہیں دیکھ رہاہوں۔انہوں نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو حالیہ ریلیف کسی اشارے سے نہیں مل رہا، جو روپوش ہیں انہیں سامنے آنا چاہیے۔بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے راناثنا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو عنقریب جیل سے باہر نہیں دیکھ رہاہوں، اگربانی پی ٹی آئی پارلیمان چھوڑ کر نہ بھاگتا تو ہماری حکومت 16ماہ کبھی قائم نہ رہتی اور اگر یہ دو صوبوں میں اپنی حکومتیں نہ گراتاتو9مئی بھی نہ ہوتا۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام معاشی عدم استحکام کو جنم دیتا ہے اور اس کی وجہ بانی پی ٹی آئی ہے، بانی پی ٹی آئی سیاستدان ہوکر غیرسیاسی رویہ اپنائے ہوئے ہے، پارلیمانی سسٹم میں اگر مذاکرات سے انکاری ہوں تو پھر آپ سسٹم کیلئے خطرہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انقلاب لانا ہے تو پارلیمنٹ چھوڑیں کیونکہ پارلیمان کا انقلاب سے کوئی تعلق نہیں، جس طرف سے آنکھ ماری جاتی ہے اب وہ آنکھ مارنے والی بات سے آگے ہیں۔پرویز الٰہی کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پرویزالٰہی کی رہائی بنتی تھی، مجھے تو ان سے اتنی برداشت کی امید نہیں تھی، بے شک پرویزالٰہی مخالف ہیں لیکن جو لیڈر کیساتھ کھڑا رہے میں اسکی عزت کرتا ہوں۔