عالیہ بھٹ، کرینہ کپور سمیت دیگر بالی ووڈ اداکار فلسطین کے حق میں بول پڑے

0
114

ممبئی(این این آئی) فلسطین کے شہر رفح میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری نے بالآخر بالی ووڈ انڈسٹری کو بھی فلسطینیوں کے حق میں بولنے پر مجبور کردیا۔تین روز قبل اسرائیلی فوج نے رفح میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی تھی جس میں 75 سے زائد فلسطینی زندہ جل کر شہید اور درجنوں جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔خوفناک اسرائیلی حملے سے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کی بڑی تعداد زندہ جھلس کر شہید ہوگئی تھی جن میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔بعدازاں، رفح کے علاقے میں اسرائیلی ٹینکوں نے فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپوں کو روند ڈالا تھا جس کے نتیجے میں 13 خواتین سمیت 21 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔اسرائیل کی سفاکیت پر پاکستان سمیت پوری دْنیا کی شوبز شخصیات غصے سے آگ بگولہ نظر آرہی ہیں، اسی سلسلے میں بالآخر اب بالی ووڈ فنکاروں نے اسرائیل کے خلاف آواز اْٹھا دی ہے۔بالی ووڈ اسٹار کرینہ کپور نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں یونیسیف کی پوسٹ شیئر کی جس میں بتایا گیا تھا کہ رفح کے پناہ گزین کیمپوں سے جھلسے ہوئے شہید بچوں کی تصاویر سامنے آرہی ہیں۔پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیل نے ہزاروں بچوں کو بیدردی سے شہید کیا، پوسٹ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔سوشل میڈیا کے ذریعے متعدد بار فلسطین کے حق میں بولنے والی بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے اپنی انسٹاگرام ہینڈل پر فلسطینی شہدا کی تعداد اور رفح کے موجودہ حالات پر مبنی اسٹوریز شیئر کیں۔سونم کپور نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں وائرل ٹیمپلیٹ بھی شیئر کیا، اس اسٹوری میں لکھا تھا ‘آل آئز آن رفح’ یعنی تمام نظریں رفح پر ہیں۔بالی ووڈ اداکار ورون دھون نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں رفح کا وائرل ٹیمپلیٹ شیئر کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی۔ان کے علاوہ رشمیکا مندانا، مادھوری ڈکشٹ، عالیہ بھٹ، سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم خان، سوناکشی سنہا اور پلک تیواری نے بھی انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے رفح کے لیے آواز اْٹھائی۔