مہنگائی کم، روپیہ مستحکم ہوا، دشمنوں کو امن وترقی ہضم نہیں ہو رہی،دشمنوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دینگے ، عطا تارڑ

0
100

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کم ہوئی اور روپیہ مستحکم ہوا، امن وترقی پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی ہے،دشمنوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا ،دورہ چین میں وہ موضوعات زیربحث آئے جوپہلے کبھی نہیں آئے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، سیکورٹی ادارے اور پولیس اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، ملک میں چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا،سفارتی سطح پر حکومت کی کامیابیاں جاری ہیں، پاکستان کاسلامتی کونسل کارکن منتخب ہونابہت بڑی کامیابی ہے،ہتک عزت کا قانون سب کے لیے ہے۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا۔انہوںنے کہاکہ دورہ چین تاریخی تھا، اس میں وہ موضوعات بھی زیر بحث آئے جو پہلے کبھی نہیں آئے۔ عطاء تارڑ نے کہاکہ پاک چین دوستی ہر دور میں لازوال اور مثالی رہی، سفارتی سطح پر کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا بھاری اکثریت سے سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونا بہت بڑی کامیابی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی صدر شی جن پنگ سے سوا تین گھنٹے ملاقات جاری رہی۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ چینی قیادت نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی،سی پیک اپ گریڈیشین کے معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے چینی قیادت کے ساتھ ہر میٹنگ میں کراچی سرکلر ریلوے کا ذکر کیا۔ انہوںنے کہاکہ چینی قیادت نے کراچی سرکلر ریلوے کو اچھے پیرائے میں لیا۔ انہوںنے کہاکہ مین لائن ون پر ورکنگ کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ 32 بی ٹو بی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں کمی آئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے اور روپے کی قدر بھی مستحکم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاک چین بزنس کانفرنس میں 500 کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ چین دو لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت دے گا۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کی تربیت سے آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ تمام معاشی اشاریئے مثبت ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاک چین دوستی ہمارے خون میں شامل ہے، چین نے ہمیشہ پاکستان کا اور پاکستان نے ہمیشہ چین کا ساتھ دیا۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک کی اپ گریڈیشن کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ امن و ترقی پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی،دشمنوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، پاکستان کے دشمن سیاسی عدم استحکام، دہشت گردی کا فروغ چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کی کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پروان نہ چڑھیں۔ وزیر نے کہاکہ ایک نام نہاد لیڈر نے عالمی سطح پر پاکستان کو آئسولیشن کا شکار کیا، ملک میں چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ کوئی پاک چین تعلقات کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوںنے کہاکہ آج دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے معاہدے کرنے کے لئے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ تاریخی دورہ چین کے ثمرات پاکستان کے عوام تک پہنچیں گے۔ عطاء تارڑ نے کہاکہ وزیراعظم کے ساتھ آرمی چیف کا چین جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے سیکورٹی معاملات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ چین کے سیکورٹی خدشات دور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ دورہ چین میں چینی باشندوں کی سیکورٹی کے حوالے سے بھرپور یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، سیکورٹی ادارے اور پولیس اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، ملک میں چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔سوشل میڈیا فائر وال سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران فائر وال کا لفظ میں نے نہیں سنا، چین کی عظیم دیوار چین دیکھی جب ہم جہاز سے لینڈ کر رہے تھے، اس کے علاوہ کسی وال کا ذکر نہیں ہوا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب تجارت اور سرمایہ کاری کی بات ہوتی ہے تو آج کل اس کا حجم اربوں ڈالرز میں ہوتا ہے، ایم او یوز سائن ہوئے ہیں، معاملات آگے بڑھے ہیں، حتمی اعداد و شمار جلد سامنے آجائیں گے۔عطا تارڑ نے کہا کہ یہ بات یاد رکھیں کہ ابھی حکومت کے 100 دن مکمل نہیں ہوئے، یہ دیکھیں کہ سالوں کا کام مہینوں کے اندر ہو رہا ہے، چین، سعودیہ عرب اور یو اے ای کا دورہ ہو، سفارتی محاظ پر کامیابیاں مل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے۔انہوںنے کہاکہ پہلے ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا، ایل سیز کھلنا بند ہو گئی تھیں، ایکسچینج ریٹ غیر مستحکم تھا، آپ کے ساتھ 4 ارب کے غیر ملکی زر مبادلہ ذخائر تھے، اب آپ کے پاس 2 مہینے کے زر مبادلہ کے ذخائر موجود ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈالر کی اسملنگ کو روکا گیا، اب ڈالر کا ریٹ 277، 278 پر مستحکم ہے، ڈالر کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن ہوا، اس سے مہنگائی کم ہوئی، کھانے پینے کی اشیا سستی ہوئیں، عالمی ادارے کہہ رہے تھے کہ مہنگائی 13 فیصد ہوگی، اس میں 2 فیصد مزید کمی ہوئی ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ ہتک عزت کا قانون سب کیلئے ہے، وہ آپ کیلئے بھی ہے، میرے لیے بھی ہے، آپ کے ملک کے چینل کسی کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کے لیے برطانیہ جاتے ہیں کیونکہ وہاں وقت کم لگتا ہے اور فیصلہ فوری ہوجاتا ہے، معافی مانگنی پڑتی ہے، ہزاروں پاؤنڈز کا جرمانہ دینا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا کوئی قانون نہیں ہے، آپ کسی کے خلاف بھی کوئی الزام لگادیں، کسی بھی تصویر وائرل کردیں، ایک ایسا وقت آئے گا جب لوگوں کے گلے کٹ رہے ہوں گے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی منافرت کے باعث اور ایف آئی اے سائبر ونگ کہے گا کہ اس سے نمٹنا ہمارا کام نہیں ہے۔