روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کم ہو گئے

0
97

نیویارک (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات انتہائی کم ہو گئے اور اگلے مرحلے تک قومی ٹیم کو رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنے دونوں میچز جیتنے کے ساتھ دیگر ٹیموں کے نتائج کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے گزشتہ روز نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گرین شرٹس کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا اور 120 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے ایونٹ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی تھی،گوکہ پاکستان ٹیم کو کم و بیش ہر عالمی مقابلے میں ایسی ہی صورتحال درپیش ہوتی ہے تاہم اس بات کی کسی کو ہرگز امید نہ تھی کہ ایک ایسے ایونٹ میں جس میں قومی ٹیم کے گروپ میں بھارت کے علاوہ بقیہ نسبتاً کمزور ٹیمیں موجود ہیں، وہاں اپنے ابتدائی دو میچوں کے بعد ہی پاکستان کو ایسی نازک صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نووارد ٹیموں کے ہاتھوں شکست کی بھی طویل تاریخ ہے جہاں 1999 کے 50 اوورز ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش، 2007 کے ورلڈ کپ میں آئرلینڈ سے قومی ٹیم ہار گئی تھی اور اس مرتبہ انہوں نے امریکا کے ہاتھوں ہار کر اپنی اس ناپسندیدہ روایت کو ایک بار پھر زندہ کردیا۔ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں امریکا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا اور کل بھارت نے اسے شکست دے دی، جس کے بعد قومی ٹیم کی اگلے مرحلے تک رسائی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔اگر پوائنٹس ٹیبل کو دیکھیں تو گروپ اے میں بھارت 4 پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے، امریکا4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کینیڈا 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔اسی طرح پاکستان صفر پوائنٹس اور منفی 0.150 کے رن ریٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے جب کہ آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔بھارت کے بعد پاکستان کا اگلا مقابلہ کینیڈا سے ہو گا اور اس میچ میں پاکستان کو بڑے مارجن سے جیتنے کی کوشش کرنا ہو گی اور اس کے بعد آئرلینڈ کو بھی لازمی بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا۔اگر قومی ٹیم دو میچ جیت جاتی ہے اور آئرلینڈ کی ٹیم بھی امریکا کو شکست دے دیتی ہے اور پاکستان، امریکا اور آئرلینڈ کی کینیڈا کے خلاف ممکنہ فتح کے بعد راؤنڈ میچز کے اختتام پر تینوں ٹیمیں دو، دو میچ جیت چکی ہوں گی اور ایسی صورت میں بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیم ہی آگے جا سکے گی، اگر امریکا دو میں سے ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب رہا تو پاکستان کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔پاکستان کو امریکا اور آئرلینڈ جیسی ٹیموں کے میچوں کے نتائج پر انحصار کرنا ہو گا، گرین شرٹس کو اب اپنے دونوں میچز جیتنا ہوں گے، قومی ٹیم 11 جون کو کینیڈا اور 16 جون کو آئرلینڈ کے مدمقابل ہوگی