ٹرمپ کو استثنا دینے سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ ایک خطرناک نظیر ہے ،بائیڈن

0
36

واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ان کے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو سابق صدر کی حیثیت سے مجرمانہ افعال میں استثنا دینا ، ایک خطرناک نظیر ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے ٹی وی خطاب میں ڈیموکریٹ صدر کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بنیادی طور پر ایک نئی پہل اور خطرناک نظیر کو جنم دیتا ہے کیوں کہ (صدر کے) اختیارات اب قانون کی قید میں نہیں رہیں گے۔بائیڈن کی مہم کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ 2020 کے انتخابات میں ہارنے کے بعد اپنی عقل کھو بیٹھے تھے۔ انہوں نے نتائج پلٹنے کے لیے ایک ٹولے کی حوصلہ افزائی کی۔ ٹرمپ خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں ، وہ اقتدار تک پہنچنے اور اس کو برقرار رکھنے کی خاطر کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہیں۔