پی سی بی کی 6 ایونٹس کی میزبانی کے لیے کوششیں شروع

0
388

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے ورلڈکپ، انڈر 19 ورلڈکپ اور ویمنز ورلڈکپ سمیت آئی سی سی کے 6 ایونٹس کی میزبانی کے لیے کوششیں شروع کر دیں۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کے مطابق آئی سی سی اگلے سال ستمبر ، اکتوبر تک ان ایونٹس کے میزبان کا فیصلہ کرے گا ،پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے لیے پیشکش کرچکا ہے۔وسیم خان نے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے یہ فیصلہ تاخیر کا شکار ہوا ہے لیکن امید ہے کہ ستمبر یا اکتوبر تک آئی سی سی اگلے ایونٹس کے میزبان کا اعلان کردے گا۔پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے کہاکہ 2023 سے 2027 کے ایف ٹی پی سائیکل میں جنوبی افریقا، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے ساتھ زیادہ سیریز رکھیں گے ، کوشش ہوگی کہ ٹیسٹ سیریز میں بھی کم از کم تین ٹیسٹ ہوں، انڈیا کے ساتھ فی الحال ایف ٹی پی میں کوئی ونڈو نہیں رکھی جارہی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینئرز کے ساتھ ساتھ شاہینز ، انڈر 19 اور انڈر 16 ٹیموں کے لیے بھی دو طرفہ سیریز منعقد کی جائیں گی۔پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ کووڈ کے چیلنجز کے باوجود بھی پاکستان نے بھرپور کرکٹ آرگنائز کی، پروٹوکولز پر نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا میں ہونے والے تجربات سے بھی سبق حاصل کرکے اپنے انتظامات کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔وسیم خان کے مطابق انگلینڈ، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور زمبابوے پاکستان کا دورہ کریں گی جب کہ 2022 میں بھی آسٹریلیا اور انگلینڈ فل سیریز کے لیے پاکستان آئیں گی۔