استعفوں کا ایٹم بم چلانے کی دھمکی پھلجھڑی ہوگی، وزیر داخلہ

0
264

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی استعفوں کا ایٹم بم چلانے کی دھمکی پھلجھڑی ہوگی،پیپلز پارٹی کسی گیٹ نمبر 4 کی پیداوار نہیں بنی ،پیپلز پارٹی جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے، (ن)لیگ کے صدر شہباز شریف بھی مثبت سوچ کے ساتھ سیاست کو آگے لے جانے کی بات کریں گے،امیگریشن میں 3 سال سے زیادہ ایک عہدہ رکھنے والے کا تبادلہ ہوگا ،اصل آرڈر کو میں نادرا میں کروں گا،ایف اے ٹی ایف سے متعلق وزارت داخلہ نے بہتری کی ہے اور مزید کرے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہ اکہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق وزارت داخلہ نے بہتری کی ہے اور مزید کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر بھی وزارت داخلہ تمام اپوزیشن سے مثبت گفتگو کرنا چاہتی ہے۔سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی گزشتہ روز ملاقات ہوئی ہے اور بلاول نے استعفوں کا ایٹم بم چلانے کی دھمکی دے دی ہے تاہم مجھے یقین ہے وہ پھلجھڑی ہوگی کیونکہ پیپلزپارٹی جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے اور وہ کسی گیٹ نمبر 4 کی پیداوار نہیں بنی اور اس نے ہمیشہ جمہوری عمل کو سپورٹ کیا تاہم انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس گیٹ کی پیداوار بنے وہ انتہائی قدم اٹھانا چاہتے ہیں تاکہ جمہوریت بند گلی میں داخل ہوجائے اور خدانخواستہ جمہوریت کو کوئی خطرات لاحق ہوجائیں۔اپوزیشن سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر یہ اسلام آباد آنا چاہیں تو شوق سے آئیں، انہوں نے فروری کا مہینہ دیا ہے تو بہتر ہے وہ اس سے پہلے ہی آجائیں لیکن ہم نے یہاں 126 دن پڑاؤ ڈالا لیکن کچھ نہیں بنا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے استعفے پارٹی صدر کو دینے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کا پارٹی صدر شہباز شریف ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ سیاست کو آگے لے جانے کی بات کریں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کہہ دیا ہے کہ ہم کرپشن کے سوا تمام معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔اس موقع پر سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں 400 لوگوں کے نام ہیں جنہیں کم کرنے کی ہدایت کی ہے ،بلیک لسٹ میں بھی ہزاروں لوگوں کے نام ہے جنہیں کم کرنے کا کہا ہے کیونکہ بلاوجہ ان فہرستوں میں نام نہ رکھا جائے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امیگریشن میں 3 سال سے زیادہ ایک عہدہ رکھنے والے کا تبادلہ ہوگا جبکہ اصل آرڈر کو میں نادرا میں کروں گا۔