اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن )نے سینٹ کے قبل از وقت انتخاب کی صورت میں عدالت جانے کا اعلان کر دیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہاکہ گیارہ فروری سے قبل اگر سینٹ انتخابات کا شیڈول دیا جاتا ہے تو یہ غیر آئینی ہوگا۔انہوںنے کہاکہ گیارہ فروری سے قبل سینٹ انتخاب کا شیڈول جاری ہوا تو عدالت سے رجوع کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں الیکشن کمیشن سے کوئی ایسی امید نہیں کہ کوئی غیر قانونی اقدام اٹھایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ اگر گیارہ فروری کو ہی شیڈول دینا ہے تو کیا فرق پڑتا ہے،کہ انتخاب 8مارچ کے بجائے3مارچ کو ہو۔ انہوںنے کہاکہ میاں جاوید لطیف جیسے دوست میڈیا میں بیان دے دیتے ہے تاکہ پذیرائی مل جائے، ،میاں جاوید لطیف نے سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے میڈیا میں بیان دیا، اس سے زیادہ ان کی کوئی حیثیت نہیں۔رانا ثناء اللہ سے سوال کیاگیا کہ کیا عدالت صرف مسلم لیگ ن معاملہ لیکر جائیگی یا پوری اپوزیشن؟۔ رانا ثناء اللہ نے جواب دیاکہ جب ایسا وقت آئیگا تو پوری اپوزیشن مل کر فیصلہ کریگی۔
٭٭٭٭٭