موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے’احسن اقبال

0
236

نارووال (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، مہنگائی اور بے روز گاری کے باعث غریب آدمی دو وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے، حکومت نے اپوزیشن کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں کو اپنا منشور بنا نے کے سوا کچھ نہیں سوچا۔بدوملہی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ لاہور میں رنگ جمانے میں اس قدر کامیاب ہوا کہ حکومت اس کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور وزاء بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور وہ اپوزیشن کے خلاف مختلف نوعیت کے غلط پراپیگنڈے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اپنے پانچ سالہ دورے حکومت میں جو ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے وہ عوام کے سامنے ہیں اور جو ترقیاتی منصوبہ جات جاری تھے ان کو موجودہ حکومت نے اپوزیشن کی آڑ میں رکھتے ہوئے روک رکھا ہے۔ تما م ادارے پی ڈی ایم نہیں حکومت کی کارکردگی سے پریشان اور بدحالی کا شکار ہیں۔ان شاء اللہ عوام کی طاقت سے سلیکڈ حکومت کو گھر بھیجیں گے۔ پی ڈی ایم تحریک عوام کی تحریک بن چکی ہے اپوزیشن اقتدار نہیں عوام کو بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان شاء اللہ آنے والے وقت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت دوبارہ برسراقتدار میں آکر عوام کے لیے نئے جوش و لولہ کے ساتھ خدمت میں پیش پیش ہوگی۔کیوں کہ اسٹیبلشمنٹ اور دیگر کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے مداخلت کے سارے دروازے بند ہونے چاہیے سیاست دان تو سیکھ چکے اب اسٹیبلشمنٹ کو سیکھنا چاہیے اس حکومت نے چند ماہ میں رخصت ہوجانا ہے۔قبل ازیں احسن اقبال اور ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ نے راشدادریس اور ان کے بھائیوںسے ان کی والدہ اورچودھری عبدالغنی گجر اور چودھری محمد شاہد گجر کے والد سابق کونسلر چودھری محمد نواز گجرکی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر و جمیل کی دعا مانگی۔