عمران بٹ سمیت 17 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

0
392

نیپئر(این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے مانٹ منگنوئی میں شروع ہوگا۔ٹور سلیکشن کمیٹی نے اوپنر عمران بٹ کو 17 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔عمران بٹ کو پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کوئنز ٹان میں ٹریننگ کے دوران گیند لگنے سیبابر اعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا جبکہ امام الحق کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا تھا، دونوں کھلاڑیوں نے تاحال نیٹ پریکٹس کا آغاز نہیں کیا تاہم پی سی بی کا میڈیکل پینل مسلسل ان دونوں کھلاڑیوں کی انجری کامعائنہ کررہا ہے۔دونوں کھلاڑیوں کی 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔بابراعظم کی عدم دستیابی کے باعث اسکواڈ کے نائب کپتان محمد رضوان ہفتے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ وہ کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33ویں کپتان ہوں گے۔بلوچستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عمران بٹ نے نیوزی لینڈمیں ٹیم کو جوائن کرنے سے قبل ملک میں جاری قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے 3 میچوں میں 191 رنز بنائے تھے۔ 24 سالہ بیٹسمین نے گزشتہ سال کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 934 رنز بنائے تھے۔ 62سے زائد کی اوسط سے رنز بنانے والے عمران بٹ نے ٹورنامنٹ میں 4 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں بنائیں۔نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینزکی نمائندگی کرنے والے عابد علی، اظہرعلی،حارث سہیل، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس اور نسیم شاہ 23 دسمبر کو ترنگا میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔دورے میں شامل پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے پاکستان شاہینز کے 15 کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل دس کرکٹرز 23 دسمبر کو ترنگا سے ہملٹن پہنچ کر پاکستان شاہینز کو جوائن کرلیں گے۔ ان کھلاڑیوں میں حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد حسنین، حارث رف، عثمان قادر، موسی خان، وہاب ریاض، افتخار احمد، عبداللہ شفیق اور حسین طلعت شامل ہیں۔عماد وسیم 23 دسمبر کوبگ بیش لیگ کھیلنے آسٹریلیا جبکہ محمد حفیظ 24 دسمبر کو وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔ فاسٹ بالر حارث رف 6 جنوری کو نیوزی لینڈ سے آسٹریلیا روانہ ہوں گے، جہاں وہ بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کریں گے۔نیوزی لینڈ اے کے خلاف وانگرائے میں کھیلے گئے واحد چارروزہ میچ میں پاکستان شاہینز نے 89 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ میچ میں فواد عالم اور روحیل نذیر کی سنچریوں سمیت فاسٹ بالرز محمد عباس اور نسیم شاہ کی عمدہ کارکردگی نے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اظہر علی نے پہلی اننگز میں 58 اور دوسری میں 29، فواد عالم نے پہلی اننگز میں 3 اور دوسری اننگز میں 139 رنز بنائے۔ محمد عباس اور نسیم شاہ نے بالترتیب پہلی اننگز میں 4 اور ایک جبکہ دوسری اننگز میں 1 اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز ہارنے پر مایوسی ہے، میزبان ٹیم نے اپنے وسائل رہتے ہیں ہوئے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا، ہمیں اپنی انفرادی اور ٹیم کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے صلاحیتوں میں نکھارلانے کی ضرورت ہیاور جتنی جلدی ہم ان شعبوں میں بہتری لے آئیں گے اتنا ہی ہمارے لیے بہتر ہوگا کیونکہ 2021 مصروف ترین سال ہے اور اس سال ہمیں 2 بڑے ایونٹس میں بھی شرکت کرنی ہے۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے برعکس ہمارا ٹیسٹ اسکواڈ قدرے تجربہ کار ہے، ہمارے پاس تجربہ کار فاسٹ بالرز اور بیٹسمین موجود ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم طویل طرز کی کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔مصباح الحق نے کہا کہ بلاشبہ پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز کے موقع پر بابراعظم کی انجری کو تقریبادو ہفتے گزر چکے ہوں گے تاہم نیٹ سیشنز کے بغیر میچ کے لیے واپسی ان کے اور ٹیم دونوں کے لیے ایک سخت فیصلہ ہوگا، مجھے دیگر کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی سیریز کی ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میںمحمد رضوان (پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان)، سرفراز احمد ،شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف شامل ہیں۔ بابراعظم اور امام الحق انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میںروحیل نذیر (کپتان، وکٹ کیپر)، حیدر علی،ذیشان ملک، عماد بٹ، ظفر گوہر، دانش عزیز، افتخار احمد، خوشدل شاہ،حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رف، عثمان قادر،وہاب ریاض، موسی خان اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔شیڈول کے مطابق چھبیس تا تیس دسمبرپاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ بمقام مانٹ منگنوئی کھیلاجائے گا۔ستائیس دسمبرکو پاکستان شاہینز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ ناردرن نائٹس بمقام ہملٹن کھیلا جائے گا۔انتیس دسمبرکو پاکستان شاہینز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ ویلنگٹن فائر برڈزبمقام ویلنگٹن کھیلا جائے گا۔یکم جنوری کو پاکستان شاہینز کا تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ کینٹر بری بمقام لنکن کھیلاجائیگا۔تین تا سات جنوری: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ، بمقام کرائسٹ چرچ کھیلا جائیگا۔تین جنوری کو پاکستان شاہینز کا چوتھا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ نیوزی لینڈ الیون، بمقام لنکن کھیلا جائیگا۔پانچ جنوری کو پاکستان شاہینز کا پانچواں ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ نیوزی لینڈ الیون، بمقام لنکن کھیلاجائے گا۔پاکستان شاہینز کا اسکواڈ 7 جنوری جبکہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ 9 جنوری کو پاکستان روانہ ہوگا۔