اقوام متحد کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اقدامات کرے،حریت کانفرنس

0
420

سرینگر(این این آئی)بھارت کے غیرقانونی طور پر زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی فوج کے غیر قانونی تسلط میںجہنم جیسی زندگی گزار نے پر مجبور ہیں تاہم قابض فورسز کی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوںکے جذبہ حریت میںکوئی کمی نہیں آئی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ورکنگ نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیریوں خاص طور پر نوجوانوں میں بھارت کے فوجی قبضے کے خلاف غم و غصے میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوںنے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو نقصان پہنچانے اور پورے مقبوضہ علاقے کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر کے کشمیریوں کی شخصی آزادی کی سلب کرنے کے بھارتی حربوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنی بقا کیلئے جدوجہد پر مجبور ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے اور تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے اقدامات کریں۔اجلاس میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں محمد اشرف صحرائی ،مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ.،محمد یاسین ملک، ڈاکٹر قاسم فکتو ،ڈاکٹر شفیع شریعتی ،آسیہ اندرابی ،فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین، غلام قادر بٹ، مظفر احمد ڑار، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ ایاز اکبر، شوکت حکیم، محمد یوسف میرکے عزم و استقلال کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔غلام احمد گلزار کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی. چوہدری شاہین اقبال ،خواجہ فردوس احمد، جنیداحمد،حکیم عبدالرشید، ارشد عزیز ،حمید الہیٰ، فیاض احمد،سید محمد شفیع اور مسعودہ جی شریک تھے۔