حفیظ رواں سال ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے

0
378

نیپئر (این این آئی)قومی ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ سال 2020 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کے کامیاب ترین بیٹسمین بن گئے،40 سالہ محمد حفیظ نے اس سال مجموعی طور پر 415 رنز بنائے جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں اس سال کسی بھی بیٹسمین کے سب سے زیادہ رنز ہیں،حفیظ نے یہ سنگ میل نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 41 رنز کی اننگز کا 31 واں رن لے کر عبور کیا، انہوں نے بھارت کے، کے ایل راہول کو پیچھے چھوڑا جنہوں نے سال 2020 میں 404 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنائے۔محمد حفیظ 2013 کے بعد پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں جنہوں نے کسی کیلنڈر ائیر میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنائے ہوں، ان سے قبل 2017 میں احمد شہزاد نے 347رنز بناکر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔سابق کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر نے مجموعی طور پر اس سال ہر طرح کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 1005 رنز بنائے، وہ سال میں ہزار پروفیشنل ٹی ٹوئنٹی رنز ، جس میں لیگز اور انٹرنیشنل کرکٹ کی کارکردگی شامل ہیں، بنانے والے مجموعی طو ر پر پانچ بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں۔اس سال انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹیز میں محمد حفیظ نے 4 نصف سنچریاں بنائیں جو اس سال کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے سب سے زیادہ ہیں، بابر اعظم، ڈیوڈ میلان، کے ایل راہول اور سیفرٹ نے بھی اس سال چار ، چار نصف سنچریاں اسکور کیں۔محمد حفیظ نے اس سال انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز میں 20 چھکے لگائے، قطر کے کامران خان 22 اور جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک 21 چھکے لگاکر محمد حفیظ سے آگے رہے۔سابق کپتان کو پاکستان کی جانب سے مجموعی طور پر سب سے کامیاب ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بیٹسمین بننے کے لیے 12 رنز درکار ہیں، ابھی اس فہرست میں شعیب ملک 2335 رنز بناکر سب سے آگے ہیں۔