کراچی میں فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے 6 افراد جاں بحق، 12 زخمی

0
411

کراچی(این این آئی)شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں برف فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے6 افراد جاں بحق جبکہ ایک درجن زخمی ہوگئے ہیں،دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، باہر کھڑی گاڑیاں بھی کئی فٹ دور جاگریں، علاقے میں دھویں کے شدید بادل نظر آرہے ہیں۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی صبا سنیما کے قریب فیکٹری کا بوائلر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد فیکٹری کے باہر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے باعث فیکٹری کی چھت بھی گرگئی جس کی وجہ سے کئی افراد ملبے تلے دبے ہیں اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق بوائلر پھٹنے سے فیکٹری کی چھت گری، زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ایک شخص کو ملبے سے زندہ حالت میں نکال لیا گیا۔ڈائریکٹر عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر سلمی کوثر کے مطابق کل 11 زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال لایا گیا جن میں سے 4 جاں بحق ہوگئے، ایک زخمی کو جناح اسپتال بھیجا گیا ہے جب کہ 3 کی حالت تشویش ناک ہے۔فیکٹری میں دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دھماکے سے متعلق تفتیش شروع کردی، پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم ابتدائی تفتیش کے مطابق فیکٹری میں دھماکا بوائلر پھٹنے کے باعث ہوا تاہم دھماکے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق امونیا گیس کی لیکج کی وجہ سے بوائلر پھٹا جس سے برابر والی فیکٹری کو بھی نقصان پہنچاہے۔