پی ڈی ایم بالکل کلیئر ، جعلی حکومت سے مذاکرات نہیں ہونگے ،مریم نواز

0
415

لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کو پہلے بھی غیر محسوس کردار نظر آرہے تھے لیکن اب غیر محسوس کردار پیچھے ہٹ رہے ہیں ، جب وزراء کو جواب نہیں دیا گیا تو اور لوگوں کو بھجوایا جارہا ہے لیکن پی ڈی ایم بالکل کلیئر ہے کہ جعلی حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے ، یہ اب پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہے ہیں جو انہیں نہیں ملے گا،تاریخ سے ثابت ہے کہ شہباز شریف ہمیشہ اپنے بھائی اور پارٹی کے وفادا ررہے ہیں ، اگر وہ دھوکہ دیتے تو آج یہ نالائق وزیر اعظم نہ ہوتا بلکہ وہ وزیر اعظم ہوتے ، مسلم لیگ (ن) میں ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے حوالے سے دو رائے پائی جاتی ہیں لیکن پی ڈی ایم جو بھی حتمی فیصلہ کرے گی ہم اس کی پابندی کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کی شہید چیئر پرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے سندھ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب سمیت دیگر بھی موجود تھے جو ان کے ہمراہ روانہ ہوئے ۔ مریم نواز نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں ہیں ،انہوں نے ملک کے لئے بڑی بہادری سے اپنی جان دی ، میرے لئے فخر کا مقام ہے کہ مجھے ان کی برسی میں شامل ہونے کا موقع مل رہا ہے ۔ بینظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے اس ملک کو جو میثاق جمہوریت دیا تھا اس سے تاریخ تبدیل ہو گئی ، میں ، بلاول اور دیگر جماعتیں اسے آگے لے کر بڑھیں گے اور مزید مضبوط کریں گے کیونکہ یہ پاکستان کی ضرورت ہے ، آج پاکستان میں تقسیم بڑھ گئی ہے اور ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے ،پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے اپنے اپنے منشور اور نظریہ ہے لیکن پاکستان کی خاطر سب اکٹھے ہیں ۔ا نہوں نے محمد علی درانی کی شہباز شریف سے جیل میں ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ جب وزراء کو جواب نہیں دیا گیا تو اور لوگوں کو بھیجا جارہا ہے ، میاں صاحب نے اٹل فیصلہ کر لیا ہے، مولانا فضل الرحمان اور پی ڈی ایم بھی کلیئر ہے کہ اس جعلی حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے ، یہ پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہے ہیں جو انہیں نہیں ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف تو جیل میں ہیں ، کون ملنے آرہا ہے اس کا اچانک بتایا جاتا ہے پھر انکار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ معلوم نہیں ہوتا جو ملنے آرہا ہے وہ کیا کہنے آرہا ہے ، وہ کیا بات لے کر آرہا ہے ۔ ویسے تو خاندان کے افراد کو ملنے کی اجازت نہیں لیکن ایسی ملاقات کے لئے بغیر کسی تحقیقات اور بغیر کسی ایشو او ر رکاوٹ کے کوٹ لکھپت جیل کے راستے کھل جاتے ہیں ، اس سے چیزیں واضح ہو جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت ہی دھاندلی کی پیداوار ہے ، اس کی کارکردگی انتہائی بری ہے ، یہ 2018میں میں ووٹ نہیں لے سکی تو 2020ء میں کیسے ووٹ لے سکے گی ، ناکام کو گھر جانا پڑے گا ، یہ سینیٹ انتخابات کو آگے کریں یا پیچھے کریں، خفیہ کریں یا شو آف ہینڈ کریں انہیں جانا پڑے گا۔ کابینہ اور ترجمانوں کے اجلاس میں سلیکٹڈ ملک کو درپیش مسائل اور بحرانوں کو زیر بحث نہیں لا تا بلکہ یہ زیر بحث آتا ہے کہ بلاول مردان نہیں گیا پی ڈی ایم میں دڑاڑ پڑ گئی ، میں تو یہ کہتی ہوں کہ اب اس کی ذہنی حالت پر رحم آتا ہے ، اس طرح دڑاڑ کی امیدیں لگانے سے شکست خوردہ ذہنیت کی نشانی ہے