سعودی عرب میں تیل اورگیس کے چار نئے ذخائر کی دریافت

0
258

ریاض (این این آئی )سعودی آرامکو نے مملکت میں تیل اور گیس کے چار نئے ذخائر دریافت کرلیے ۔سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے ان ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ظہران کے شمال مغرب میں الریش آئیل فیلڈ سے غیر روایتی تیل کا ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔اس سے تیل کی یومیہ 3850 بیرل پیداوار متوقع ہے۔ظہران سعودی عرب کے مشرقی صوبہ میں واقع ہے اور یہ تیل کی صنعت کا بڑا انتظامی مرکز ہے۔سعودی وزیر توانائی کہنا تھا کہ الریش آئیل فیلڈ کی دریافت بڑی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے عرب تیل کی اضافی پیداوار حاصل کی جاسکے گی۔منحاذ کنویں میں واقع السراح ذخائر سے بھی غیر روایتی تیل دریافت ہوا ہے۔یہ ظہران ہی میں غوار آئیل فیلڈ کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔سعودی آرامکو نے عراق کی سرحد کے نزدیک واقع شہر رفح کے شمال مغرب میں الاجرامیہ آئیل فیلڈ سے بھی تیل دریافت ہونے کی اطلاع دی ہے، شہزادہ عبدالعزیز نے بتایاکہ سعودی آرامکو نئے دریافت شدہ کنووں کے حجم اور ان سے تیل کی یومیہ پیداوار کے تعین کے لیے کام کررہی ہے۔ان ذخائر کی دریافت سے اس امرکی بھی عکاسی ہوتی ہے کہ سعودی میں تیل اورگیس کے وافر ذخائر موجود ہیں۔