اسرائیلی طیاروںکی شام میں ایرانی ملیشیاوں کے ٹھکانوں پر اسرائیلی بمباری

0
319

دمشق(این این آئی)شام میں درمیانی شب اسرائیلی طیاروں نے دارالحکومت دمشق کے قریب ایرانی ملیشیاوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے ۔ شام کے محکمہ دفاع نے اسرائیلی طیاروں پر جوابی گولہ باری کی ہے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ بمباری میں دمشق کے مغرب میں النبی ھابیل کے مقام پر الزبدانی میں ایرانی ملیشیاوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔درایں اثناء شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے سینئر آبزر ویٹری نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے فضائی محکمہ دفاع کے دمشق میں قائم ہیڈ کواٹر اور ایرانی ملیشیاوں کے مراکز کو نشانہ بنایا ۔آبزر ویٹری کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود سے گذر کر شام میں کارروائی کی اور دمشق کے مغرب میں لبنان کی سرحد کے قریب ایرانی ملیشیائوں کے ٹھکانوں پر متعدد میزائل داغے۔خیال رہے کہ چند روز قبل اسرائیل نے دمشق میں ایران کے ایک ریسرچ سیںٹر، دفاعی سامان تیار کرنے والے ایک کارخانے اور اسلحہ کے گودام پر بمباری کر کے انہیں تباہ کر دیا تھا۔انسانی حقوق مرکز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے بعد ایمبولینسوں کو علاقے میں جاتے دیکھا گیا ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا تازہ بمباری میں کتنا جانی نقصان ہوا ہے۔شام کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق شامی ڈیفنس فورس نے اسرائیلی طیاروں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ ٹی وی چینل کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے حما کے قریب مصیاف کے مقام پر بمباری کی کوشش کی تھی۔