جنوری کے دوسرے ہفتے تک کارکردگی کے معاہدوں کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹائز ہو جائیگا،شہزاد ارباب

0
296

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ، محمد شہزاد ارباب نے کہاہے کہ جنوری کے دوسرے ہفتے تک کارکردگی کے معاہدوں کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹائز ہو جائے گا،یہ پورٹل وزارتوں کے اہداف کا جائزہ مؤثر اور شفاف انداز میں لینے میں معاون ثابت ہو گا۔ جمعہ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ، محمد شہزاد ارباب کی زیرِ صدارت، وزیراعظم اور وزرا کے مابین ہونے والے کارکردگی کے معاہدوں پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس ہوا جس میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این،آئی،ٹی ،بی) کی ٹیم اپنے سی ای او کی قیادت میں اجلاس میں شامل تھی۔ اجلاس کا مقصد کارکردگی کے معاہدوں پر عملدرآمد کیلئے اس عمل کو ڈیجیٹائز کرنا تھا۔این،آئی،ٹی،بی نے کارکردگی کے معاہدوں اور وزارتوں کے سہ ماہی اور سالانہ اہداف پر مبنی ایک ڈیجیٹل پورٹل پیش کیا۔این،آئی،ٹی،بی کی ٹیم نے ڈیجیٹل پورٹل کے مختلف فیچرز پر تفصیلی بریفنگ دی،وزارتیں اپنے اہداف کی تکمیل سے متعلق سٹیٹس اس ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کریں گی۔ شہزاد ارباب نے کہاکہ جنوری کے دوسرے ہفتے تک کارکردگی کے معاہدوں کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹائز ہو جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ یہ پورٹل وزارتوں کے اہداف کا جائزہ مؤثر اور شفاف انداز میں لینے میں معاون ثابت ہو گا۔ شہزاد ارباب نے کہاکہ وزیراعظم بھی اس پورٹل کے ذریعے وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لے سکیں گے۔