اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے،علی امین خان گنڈاپور

0
272

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے یوم حق خود ارادیت کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاس کی گئی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے، انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کے حوالے سے آج سے 72 سال قبل پاس کی گئی اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی حل طلب ہیں اور ان قراردادوں پر عمل درآمد کے انتظار میں ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کے فورم پر لے کر گیا تھا اور یہ ہی بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں پچھلی سات دہائیوں سے ریاستی دہشت گری جاری رکھے ہوئے ہے جس میں 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد مزید شدت آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نام نہادجمہوریت اور سیکولرزم کو روندتے ہوئے ہندو انتہا پسندی کے فاشسٹ فلسفے پر گامزن ہے جس میں مودی حکومت کی اولین ترجیح پورے بھارت میں ہندو بالادستی قائم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات اور نئے شہریت قوانین کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی آ بادی کے تناسب میں تبدیلی اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق سلب کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا بھارت کو مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کے حوالے سے بدترین ملک قرار دے رہے ہیں ۔و فاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازشیں جاری رکھے ہوئے ہے گزشتہ سال بھارت نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی تقریبا تین ہزار مرتبہ خلاف ورزی کی، سینکڑوں شہریوںکو شہید کیااور اقوام متحدہ کے مبصرین کو بھی نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ بنا رہا ہے جس کا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا