اسلام آباد ہائیکورٹ، گستاخانہ مواد روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات بارے رپورٹ طلب

0
300

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر گستاخانہ فلم کی ریلیز کیخلاف درخواست پر سماعت پر گستاخانہ مواد روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات بارے رپورٹ طلب کرلی۔ دور ان سماعت جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اچھا ہو گا تمام سوشل میڈیا سائٹس کے پاکستان میں دفاتر کھل جائیں، جب سوشل میڈیا سائٹس کے پاکستان میں دفاتر ہوں گے تو ہم ان سے جواب بھی طلب کر سکتے ہیں۔ عدالت نے کہاکہ متنازعہ فلم پر پابندی تب لگائیں گے جب پاکستان میں ریلیز ہوگی۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ فلم انٹرنیٹ پر دستیاب ہے تو اس کا وزارت اطلاعات سے تعلق ںہیں بنتا ، پی ٹی اے نے ایسے مواد پر نظر رکھنی ہے، کیا عام شہری پی ٹی اے کو شکایت کرسکتے ہیں؟۔ حکام نے بتایاکہ عام شہری متنازعہ مواد سے متعلق پی ٹی اے سے رجوع کرسکتا ہے۔ وکیل درخواست گزار طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہاکہ یہ ویب سائٹ کو خود بھی بلاک کرسکتے تھے، پہلے بھی یوٹیوب کو بلاک کیا تھا۔ جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ یہ درخواست آئی تو پی ٹی اے پہلے ہی مواد بلاک کرنے کا کہہ چکی تھی۔ بعد ازاں کیس کی سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کرتے ہوئے عدالت نے پی ٹی اے سے گستاخانہ مواد روکنے پر اقدامات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ۔