میڈیا آرٹ سپورٹس اور کلچر سمیت ہر شعبے میں تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ،سینیٹر شبلی فراز

0
303

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ میڈیا آرٹ سپورٹس اور کلچر سمیت ہر شعبے میں تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے وزارت اطلاعات ونشریات میڈیا پروڈکشن آرٹ و کلچر کے فروغ کے لئے نئے آنے والوں کوباقاعدہ تربیت فراہمی کے لئے مناسب ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے اکیڈمی آف میڈیا ایکسیلنس کو آئر لینڈ آف ایکسیلنس بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ وزارت اطلاعات ونشریات کے ذیلی اداروں، پی ٹی وی ،ریڈیو پاکستان اور اے ٹی وی کے اشتراک سے اکیڈمی آف میڈیا ایکسیلنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اکیڈمی آف میڈیا ایکسیلنس کا آغاز صدارتی ایوارڈ یافتہ خواجہ نجم الحسن کے زیر نگرانی کیا جارہا ہے تاکہ یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ابلاغ کے شعبے کے طالبعلم میڈیا اور پروڈکشن کے شعبے میں عملی تربیت حاصل کر سکیں اور آنے والے نئے ٹیلنٹ کو اس پلیٹ فارم سے اپنی صلاحتیں بہتر انداز سے اجاگر کرنے میں مدد مل سکے ایسی تربیتی عمل میں جب کمٹمنٹ ڈائریکشن اور ویژن آپس میں مل جا ئیں تو مقصد کا حصول آسان ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں میڈیا آرٹ اور پروڈکشن کی تربیت کے ادارے بہت کم ہیں جس کی وجہ سے ان شعبوں میں تربیت یافتہ لوگوں کی کمی شدت سے محسوس ہورہی ہے لیکن اس نئے ادارے کے قیام کے بعد یہاں پر تربیت حاصل کرنے کے لئے بہت سے نئے چہرے اور کامیاب کہانیاں ٹی وی ریڈیو اور میڈیا کی سکرینوں پر نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی آف میڈیا ایکسینلس میں تربیت حاصل کرنے والے پی ٹی وی،اے ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سے بھی استفادہ حاصل کرسکیں گے جن کے پاس جدید ترین آلات اور تجربہ کار لوگ موجود ہیں ۔ واضح رہے کہ اکیڈمی آف میڈیاایکسیلنس میں پروڈکشن، نیوز کاسٹنگ سمیت میڈیا پروڈکشن کے حوالے سے یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم میڈیا سائنسز کے طلبا و طالبات کو چھ ماہ پر محیط کورسز کرائے جائیں گے،یہاں صدارتی ایوارڈ یافتہ لیجنڈز تربیت فراہم کریں گے۔