استعفے ابھی نہیں دئیے جارہے، مشاورت سے فیصلہ ہوگا، شاہد خاقان عباسی

0
308

اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ استعفے ابھی نہیں دئیے جارہے ، مشاورت سے فیصلہ ہوگا، لانگ مارچ سمیت تمام فیصلے پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے ہوتے ہیں، پی ڈی ایم جو بھی فیصلہ کریگی سب اس کے پابندی ہونگے ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ استعفے کا آپشن موجود ہے ،تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں، استعفوں کا فیصلہ بھی مشاورت سے ہوگا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم جو بھی فیصلے کریگی سب اس کے پابند ہوں گے، میرا خیال ہے کہ تمام ارکان کے استعفے پارٹی کو موصول ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے انتخابات کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ڈائیلاگ کی کوئی بات نہیں، ڈائیلاگ وہاں ہوتے ہیں جہاں کچھ حاصل ہوتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لندن میں نواز شریف سے میری ملاقات نہیں ہوئی، ان سے بات ہوئی تھی والدہ کے انتقال پرتعزیت کی، نواز شریف اپنی رائے کا اظہار ہر پی ڈی ایم میٹنگ میں کرتے ہیں، ان کی واپسی صحت سے مشروط ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ محمد علی درانی کیوں ملاقاتیں کررہے ہیں اس بارے میں علم نہیں ہے، شہباز شریف سے جب ملاقات ہوگی تو درانی سے ملاقات کا پوچھ لوں گا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاست عوام کے دباؤ سے ہوتی ہے ، عوام کے دباؤ سے حکومت ہٹا سکتے ہیں، عوام کی رائے پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے کہا سیاست میں مداخلت نہیں کررہے جو اچھی بات ہے، ہم بھی یہی کہہ رہے ہیں ملک آئین کے مطابق چلے۔