بار اور بنچ کا محبت کا رشتہ ہے مزید پروان چڑھائیں گے،چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ

0
715

ایبٹ آباد ( این این آئی )چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصر رشید خان نے کہا ہے کہ بار اور بنچ کا محبت کا رشتہ ہے مزید پروان چڑھائیں گے، ایبٹ آباد ،ہریپور ،مانسہرہ ،بٹگرام ،بالاکوٹ ،حویلیاں سمیت تمام جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے حل طلب مسائل باہمی طور پر حل کریں گے اس کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی، وکلاء ہزارہ بار کی روایات کو دوبارہ زندہ کریں یہاں سے علم کے چشمے پھوٹتے تھے ،دعوے سے کہتا ہوں یہاں کے وکلاء سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ کے جسٹس شکیل احمد ، ججز،صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سردار عبدالرؤف ایڈووکیٹ ،کمشنر ہزارہ ریاض خان محسود،ڈی آئی جی ہزارہ میر ویس نیاز،صدر ڈسٹرکٹ بار ایبٹ آباد میجر ریٹائرڈ جہانگیر الہی ایڈووکیٹ،مانسہرہ، ہری پور ،بٹگرام کے صدور،جنرل سیکرٹریز ،رکن خیبر پختون خوا بار کونسل سید شاہ فیصل ایڈووکیٹ کے علاوہ سینئر جونیئر وکلاء ،خواتین وکلاء بھی موجود تھے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصر رشید خان کا کہناتھاہزارہ بار کی ماضی میں شاندار روایات رہی ہیں بار کے سینئر وکلاء مفتی ادریس ،مرزا عبداللہ جان اور دیگر سے علم کے چشمے پھوٹتے تھے،چیف جسٹس قیصر رشید خان کا کہنا تھا صدر ہائیکورٹ بار نے چائے پر بلا کے مطالبات کی طویل فہرست تھما دی ہے ان میں انتظامی بنیادوں پر حل طلب معاملات کے حل کے لئے کمشنر ہزارہ کو تحریری احکامات دیں گے، ہری پور جوڈیشل کمپلیکس کا فنڈ حلف اٹھانے کے فوری بعد جاری کیا،دیگر بھی حل طلب مسائل کو نوٹس میں لائیں، انہوں نے ہائیکورٹ بار کی پارکنگ کے لئے کمشنر ہزارہ کو ہدایات دیں،قبل ازیں صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سردار عبدالرؤف ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کے لئے کارپارکنگ کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس میں قبرستان کی جگہ ایک کنال اراضی مہیا کی جائے چھت ڈال کے پارکنگ بنانا ممکن ہے،ہری پور میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر آخری مراحل ہے اس میں فنڈ کی کمی کو دور کیا جائے،تاکہ جلد فعال ہو سکے،اور خالی ہونے والی اربوں مالیت کی جگہ کے عوض 10کنال اراضی ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے قریب وکلاء کے لئے خرید کر دی جائے انہوں نے کہا کہ مانسہرہ کمپلیکس کا معاملہ بھی التوا کا شکار ہے انہوں نے چیف جسٹس سے سنگ بنیاد رکھنے کا مطالبہ کیا ، ہری پور کے لئے دو کروڑ 47لاکھ کا فنڈ ریلیز کرانے پر شکریہ ادا کیا،بٹگرام اوگی حویلیاں میں زیر التوا کام مکمل کرنے کے احکامات جاری کرنے پر زور دیا،سردار عبدالرؤف ایڈووکیٹ کا کہنا تھا عدالتوں میں ترقیاتی کاموں میں متعلقہ بار اور بینچ کو اعتماد میں لینے کی تجویز دی تاکہ بعد کے مسائل کا تدارک ہو سکے،انہوں نے عدالتوں سے مقدمات کا بوجھ ختم کرنے کے لئے ٹرانسفر پوسٹنگ ،طلبہ کے مسائل کو متعلقہ سیکرٹریز تک رکھنے کی تجویز دیتے ہوئے اصلاحات پر زور دیا،انہوں نے ججز کی خالی نشستوں کو بھی پر کرنے میں اعلی صلاحیتوں کے حامل وکلاء کو ترجیح دی جائے، انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے ممبران اپنی زمہ داری پوری نہیں کر رہے ایبٹ آباد انٹر چینج کے قیام کے لئے اقدامات اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا۔تقریب کے اختتام پر سابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس مرحوم وقار احمد سیٹھ کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی