سینیٹ انتخابات، چاروں صوبائی الیکشن کمشنروں کے دفاتر میں ڈیجیٹل سہولت سنٹرز قائم

0
260

اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات 2021 میں ریٹرننگ افسران کو سکرونٹی کے دوران ضروری سہولیات مہیا کرنے اور امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنروں کے دفاتر میں ڈیجیٹل سہولت سنٹرز (Digital Facilitation Centers) قائم کر دیئے ہیں۔ اس نظام کے تحت امیدوارں کے تمام کوائف کی جانچ پڑتال آن لائن ٹیکنالوجی کی مدد سیوزارتِ داخلہ (ایف آئی اے)، نادرا، نیب، فیڈرل بورڈ آف ریوینو اور سٹیٹ بنک سے کی جائے گی۔ اور ان اداروں سے فراہم کردہ معلومات تمام ریٹرننگ افسران کو مہیا کی جائیں گی، تاکہ ریٹرننگ افسران بہتر انداز میں اپنا کام سرانجام دے سکیں۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین نیب، نادرا،ایف بی آر، سٹیٹ بنک اور وزارتِ داخلہ سے ضروری تعاون کے لیے کہا ہے۔ اس سلسلے میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کی طرف سے تمام متعلقہ اداروں کے سر براہان کو خطوط بھی ارسال کئے جاچکے ہیں، جس میں گزارش کی گئی ہے کہ ہر ادارہ فوکل پرسنز (منتخب نمائندے)فوری طور پر نامزد کر کے الیکشن کمیشن کوآگاہ کرے ۔ الیکشن کمیشن نے یہ اقدام سینیٹ انتخابا ت کے عمل کو با احسن اور شفاف طریقے سے مکمل کرنے کے لئے اٹھایا ہے ۔