کراچی میں گیس کی قلت، حکومتی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار

0
448

کراچی(این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں گیس کی قلت پر مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔منگل کوسندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں گیس کی قلت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں وفاقی حکومت اور ایم ڈی سوئی سدرن گیس نے جواب جمع کرادیا۔عدالت نے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے دلائل اور مکمل رپورٹ طلب کرلی۔دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ اوگرا کا جواب کیوں نہیں آرہا؟ اگر اوگرا وفاقی حکومت کے ماتحت نہیں تو لکھ کر دیں زبانی جواب نہیں چلے گا۔عدالت نے اوگرا کے جواب کیلئے ڈپٹی اٹارنی کو مہلت دے دی۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گیس کا مسئلہ کراچی نہیں پورے پاکستان کا ہے۔درخواست گزارنے موقف اپنایاکہ سندھ سے 68 فیصد گیس پیدا ہوتی ہے مگر سندھ میں قلت پیدا کردی گئی۔ سندھ میں گیس کی قلت کو ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔